روزانہ چند سیگریٹ پینا بھی پھیپھڑوں کیلئے پورے پیکٹ جتنا تباہ کن

15 اکتوبر 2019
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

کیا آپ کے خیال میں دن بھر میں ایک ، 2 یا 3 سیگریٹ پینا صحت کے لیے زیادہ نقصان دہ نہیں؟ اگر ایسا سوچتے ہیں تو اس خیال پر نظرثانی کرلیں۔

درحقیقت روزانہ چند سیگریٹ پینا بھی پھیپھڑوں کو اتنا ہی نقصان پہنچاتا ہے جتنا دن بھر میں ایک پیکٹ سے زیادہ پینے پر ہوسکتا ہے۔

طبی جریدے دی لانسیٹ Respiratory Medicine میں شائع تحقیق میں 17 سے 93 سال کی عمر کے 25 ہزار سے زائد افراد میں تمباکو نوشی کی عادت اور صحت کے پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

آغاز میں ہر رضاکار سے محققین نے پوچھا کہ وہ کتنی تمباکو نوشی کرتے ہیں جبکہ صحت اور طرز زندگی کے بارے میں معلومات حاصل کرکے پھیپھڑوں کے افعال کا تجزیہ کیا گیا۔

ان افراد کا جائزہ محققین نے 20 سال تک لیا اور اس دوران بھی پھیپھڑوں کی صحت کے حوالے سے مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔

پھیپھڑوں کے افعال عمر بڑھنے سے قدرتی طور پر تنزلی کا شکار ہوتے ہیں مگر تمباکو نوشی سے یہ عمل زیادہ تیز رفتار ہوجاتا ہے اور پھیپھڑوں اور نظام تنفس کے مختلف امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

اور اس نئی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تمباکو نوشی کی معمولی مقدار بھی اس تنزلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے کافی ہے۔

تحقیق کے آغاز پر اس میں شامل 10 ہزار افراد نے کبھی تمباکو نوشی نہیں کی تھی، 7 ہزار اس عادت کو ترک کرچکے تھے، 58 سو افراد چھوڑنے اور تمباکو نوشی کے درمیان جھول رہے تھے جبکہ ڈھائی ہزار اس کے عادی تھے۔

وقت گزرنے کے ساتھ محققین نے دریافت کیا کہ تمباکو نوشی چھوڑ دینے والے اور اس عادت میں تاحال مبتلا افراد کے پھیپھڑوں کے افعال سیگریٹ سے ہمیشہ دور رہنے والوں کے مقابلے میں ناقص ہے بلکہ کم اور زیادہ پینے والوں کے پھیپھڑوں میں کچھ زیاہد فرق نہیں تھا۔

تحقیق کے مطابق دن بھر میں 5 سے کم سیگریٹ پینے والے افراد کے پھیپھڑوں کو بھی اتنا ہی نقصان پہنچتا ہے جتنا روزانہ 30 یا اس سے زائد سیگریٹ پینے والوں کو ہوسکتا ہے، بس معمولی فرق ہے۔

یعنی کم سیگریٹ پینے والوں میں جو افعال ایک سال میں کم یا ختم ہوتے ہیں اس کے لیے زیادہ تمباکو نوشی کرنے والوں کو 9 ماہ کا عرصہ لگتا ہے۔

تحقیق میں شامل کولمبیا یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر ایلزبتھ اولیسنر نے بتایا کہ یہ نتائج آنکھیں کھول دینے والے ہیں، مگر یہ ایسے افراد کے لیے حوصلہ شکن نہیں جو روزانہ سیگریٹ کی تعداد کم کرکے اس عادت سے نجات چاہتے ہیں کیونکہ بتدریج ہی اس سے مکمل نجات ممکن ہوتی ہے اور صحت کو ہونے والے نقصان کی کسی حد تک تلافی کی جاسکتی ہے۔

محققین نے زور دیا کہ اس عادت کو جتنا جلد ممکن ہوسکے ترک کردیں کیونکہ تمباکو نوشی چھوڑنے والوں کے پھیپھڑوں کے افعال دہائیوں بعد بھی اس عادت سے ہمیشہ دور رہنے والوں کے مقابلے میں زیادہ خراب ہوتے ہیں، بلکہ ممکن ہے کہ تمباکو سے جڑے طبی خطرات سے مکمل نجات ممکن نہ ہوسکے۔

تبصرے (0) بند ہیں