کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر دھماکا، پولیس اہلکار شہید

اپ ڈیٹ 16 اکتوبر 2019
دھماکے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا — فوٹو: ڈان نیوز
دھماکے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا — فوٹو: ڈان نیوز

کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا کوئٹہ کے مصروف علاقے ڈبل روڈ پر ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا، دھماکا پولیس موبائل وین کے قریب کھڑی موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار کے شہید اور 5 اہلکاروں سمیت 10 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔

دھماکے کے زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: کچلاک کی مسجد میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کی بہترین نگہداشت کے لیے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر عوام کے خون کے پیاسے ہیں لیکن ہم کسی صورت دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کوئٹہ میں کئی دھماکے ہو چکے ہیں جن میں درجنوں افراد جاں بحق و زخمی ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں