شہزادہ ہیری کا بڑے بھائی شہزادہ ولیم سے اختلافات کا اعتراف

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2019

ای میل

شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری لیڈی ڈیانا کے بیٹے ہیں—فوٹو: اے ایف پی
شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری لیڈی ڈیانا کے بیٹے ہیں—فوٹو: اے ایف پی

برطانوی شاہی خاندان کے افراد کے درمیان اختلافات کی کہانی کوئی نئی نہیں، دنیا کے اس طاقتور ترین شاہی خاندان کے افراد میں اختلافات کی تاریخ اتنی ہی پرانی ہے جتنا پرانا یہ خاندان ہے۔

برطانوی شہزادہ و شہزادیوں سمیت ملکاؤں اور بادشاہوں کے درمیان اختلافات پر متعدد کتابیں بھی لکھی گئی ہیں اور اس خاندان کے اختلافات کا ذکر کچھ فلموں و ڈراموں میں بھی کیا جا چکا ہے۔

شاہی خاندان کے ماضی کے شہزادوں اور شہزادیوں کے اختلافات کی تاریخ اپنی جگہ لیکن حالیہ شہزادہ ولیم اور ان کے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری کے درمیان بھی اختلافات کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔

یہی نہیں بلکہ ان کی والدہ شہزادی ڈیانا اور ان کے والد شہزادہ چارلس کے درمیان بھی اختلافات کی خبریں آتی رہتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: حمل سے متعلق میڈیا کوریج پر پریشانی ہوئی، میگھن مارکل

شہزادہ ولیم اور ان کے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری کے درمیان اختلافات کی خبریں گزشتہ کچھ عرصے سے برطانوی میڈیا کی زینت بنتی رہیں، تاہم اس پر دونوں بھائیوں نے کوئی جواب نہیں دیا تھا اور نہ ہی شاہی محل کی جانب سے اس پر کوئی بات کی گئی تھی۔

لیکن اب پہلی بار شہزادہ ہیری نے اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم سے اختلافات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان دنوں ایک دوسرے سے بہت دور اور الگ راستے پر کام کر رہے ہیں۔

دونوں کی عمر میں 2 سال کا فرق ہے—فوٹو: اے ایف پی
دونوں کی عمر میں 2 سال کا فرق ہے—فوٹو: اے ایف پی

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق شہزادہ ہیری نے گزشتہ ماہ افریقی دورے کے دوران برطانوی ٹی وی ’آئی ٹی وی‘ کو دیے گئے انٹرویو میں بھائی ولیم سے اختلافات کا اعتراف کیا۔

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کا یہ انٹرویو دستاویزی فلم کی صورت میں 20 اکتوبر کو نشر کیا گیا۔

اسی انٹرویو میں میگھن مارکل نے بھی پہلی بار اپنے ساتھ ہونے والے مسائل پر کھل کر بات کی۔

شہزادہ ہیری نے دستاویزی فلم میں اعتراف کیا کہ ان کے اور شہزادہ ولیم کے درمیان اختلافات ہیں، تاہم یہ اختلافات وقتی ہیں۔

شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ ’دونوں بھائیوں کے درمیان انتہائی اہم ذمہ داریوں اور شاہی خاندان کے افراد ہونے کی وجہ سے اختلافات ہیں‘۔

انہوں نے بھائی کے ساتھ اختلافات کو غیر سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے درمیان اختلافات محض اعلیٰ شاہی ذمہ داریوں کی وجہ سے ہوتے ہیں۔

شہزادہ ہیری نے انٹرویو کے دوران شہزادہ ولیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ان کے بھائی ہیں اور بھائی رہیں گے‘۔

انہوں نے بڑے بھائی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ولیم کی ہمیشہ عزت کرتے رہیں اور انہیں بھی احساس ہے کہ بڑے بھائی بھی ان سے محبت کرتے ہیں‘۔

شہزادہ ہیری کے مطابق ماضی میں ان کے اور شہزادہ ولیم کے درمیان اچھے روابط ہوتے تھے، تاہم اب مصروفیات بڑھ جانے کی وجہ سے وہ ایک دوسرے کے ساتھ کم وقت گزارتے ہیں۔

میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری گزشتہ ماہ افریقی دورے پر گئے تھے جہاں انہوں نے انٹرویو دیا تھا—فوٹو: اے ایف پی
میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری گزشتہ ماہ افریقی دورے پر گئے تھے جہاں انہوں نے انٹرویو دیا تھا—فوٹو: اے ایف پی

خبر رساں ادارے کے مطابق اسی دستاویزی فلم میں میگھن مارکل نے بھی کیٹ مڈلٹن کے ساتھ اختلافات پر بات کی اور کہا کہ شاہی خاندان کی بہو بننے کے ابتدائی ایام ان کے لیے مشکل تھے، تاہم اب صورتحال بتدریج بہتر ہوتی جا رہی ہے۔

اسی انٹرویو میں میگھن مارکل نے میڈیا میں اپنی غیر معمولی کوریج اور میڈیا کی جانب سے جھوٹی خبریں شائع کرنے پر بھی بات کی اور کہا کہ انہیں امریکا سے تعلق رکھنے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔

میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ جب وہ شہزادہ ہیری سے شادی کرنے جا رہی تھیں تو انہیں ان کی برطانوی و امریکی خواتین دوستوں نے منع کیا تھا۔

تاہم انہوں نے کسی خاتون دوست کا نام نہیں لیا اور کہا کہ اب صورتحال بہتر ہوتی جا رہی ہے۔

میگھن مارکل نے بھی کیٹ مڈلٹن سے اختلافات پر پہلی بار بات کی—فوٹو: اے ایف پی
میگھن مارکل نے بھی کیٹ مڈلٹن سے اختلافات پر پہلی بار بات کی—فوٹو: اے ایف پی

میگھن مارکل نے اسی دستاویزی فلم کے دوران یہ بھی کہا کہ حاملہ ہونے کے بعد میڈیا کوریج سے وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں۔

میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ میڈیا نے ان کی شادی، ان کے حاملہ ہونے اور ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کی غیر معمولی کوریج کی جس پر وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری نے تین برطانوی اخبارات کے خلاف جھوٹی خبریں شائع کرنے پر مقدمات دائر کیے تھے۔

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے ’میل آن سنڈے، دی مرر اور دی سن‘ کے خلاف عدالتوں میں مقدمات دائر کیے اور درخواستوں میں دعویٰ کیا کہ تینوں اخبارات نے ان کے خلاف جھوٹی معلومات پر مبنی خبریں شائع کیں۔

میگھن مارکل نے ’میل آن سنڈے‘ کے خلاف اپنے والد کا جھوٹا خط شائع کرنے کے خلاف مقدمہ دائر کیا جب کہ شہزادہ ہیری نے ’دی مرر اور دی سن‘ کے خلاف فون ہیک کرنے کے تحت مقدمہ دائر کیا۔

بادشاہت کی تخت نشینی

تخت نشینی میں بھی شہزادہ ولیم شہزادہ ہیری سے پہلے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
تخت نشینی میں بھی شہزادہ ولیم شہزادہ ہیری سے پہلے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

37 سالہ شہزادہ ولیم اور ان کے چھوٹے بھائی 35 سالہ شہزادہ ہیری بادشاہت کی تخت نشینی کے حوالے سے اپنے والد 70 سالہ شہزادہ چارلس کے بعد ہیں۔

اس وقت شہزادہ ولیم اور ہیری کی دادی ایلزبیتھ دوئم تخت نشینی پر ہیں اور ان کے مرنے کے بعد ان کے بیٹے چارلس تخت پر بیٹھیں گے۔

شہزادہ چارلس کے بعد شہزادہ ولیم کا نمبر ہے، جس کے بعد ان کے تین بچے ہیں۔

تخت نشینی کے حوالے سے شہزادہ چارلس اور شہزادہ ولیم کے بعد شہزادہ ولیم کے 6 سالہ بیٹے شہزادہ جیارج ہیں، چوتھے نمبر پر شہزادہ ولیم کی 3 سالہ بیٹی شہزادی چارلیٹ اور پانچویں نمبر ان کے ہاں شہزادہ لوئس ہیں۔

شہزادہ ولیم کے بچوں کے بعد چھٹا نمبر شہزادہ ہیری کا ہے۔

شہزادہ ولیم اور ہیری لیڈی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کے بیٹے ہیں—فوٹو: اے ایف پی
شہزادہ ولیم اور ہیری لیڈی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کے بیٹے ہیں—فوٹو: اے ایف پی