نواز شریف کی صحت سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل ہوگا، فردوس عاشق اعوان

اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2019
فردوس عاشق اعوان ایم ڈی بیت المال کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہی ہیں — فوٹو: پی آئی ڈی
فردوس عاشق اعوان ایم ڈی بیت المال کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہی ہیں — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی فیصلہ کسی شخصیت کی خواہشات کے تابع نہیں ہوگا اور نواز شریف کی صحت کے حوالے سے عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی حکومت اس پر من و عن عملدرآمد کرے گی۔

اسلام آباد میں ایم ڈی بیت المال عون عباس بپی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف سے متعلق عدالتوں میں درخواستیں آئی ہیں، فیصلہ بھی عدالتیں کریں گی، پہلے بھی عدالتوں کے فیصلوں پر عمل کیا ہے اور اب بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، حکومت کے پاس عوام کی خدمت، ریلیف کی فراہمی، تعمیر و ترقی کے میگا پراجیکٹس موجود ہیں اس لیے جن کے پاس کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے وہ بیماری پر سیاست کر رہے ہیں جبکہ مریم نواز نے والد سے ملاقات کی درخواست کی تھی جو پوری کردی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ عمران خان کے خلاف اپوزیشن کیچڑ اچھالے اور اس کے باوجود حکومت ان کے گلے میں پھولوں کے ہار ڈالے، اینٹ کا جواب پتھر سے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 20 ہزار تک آگئے ہیں، ہر آنے والے دن اس میں بہتری آئے گی، صحت مند نواز شریف ہی ہم سب کے لیے اہم ہیں، اب مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی بیماری کی آڑ میں حکومت پر تنقید کی بجائے کوئی اور ذریعہ تلاش کرے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی طبیعت ناساز، نیب دفتر سے سروسز ہسپتال منتقل

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو فون کر کے ہدایات دی ہیں کہ نواز شریف کو صحت کی اچھی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ شریف فیملی کو اعتماد میں لے کر ملک کے جس ہسپتال میں علاج کے لیے جانا چاہیں جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مریم نواز کے حوالے سے یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ بیماری کے باوجود انہیں دوبارہ جیل بھجوا دیا گیا ہے، اب دو آپشن ہیں کہ ہم ڈاکٹر کی ایڈوائس پر عمل کریں یا پارٹی ترجمانوں کی سنیں، مریم نواز کی ای سی جی، بلڈ پریشر سمیت تمام ٹیسٹ کے نتائج نارمل آئے ہیں اس کے بعد انہیں ہسپتال سے جیل ہی منتقل کرنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے تمام ہسپتالوں میں زیر علاج ہر مریض نواز شریف ہے، مریضوں میں بھی تفریق ختم ہونی چاہیے، تمام جیلوں کی انتظامیہ سے گزارش ہے کہ وہ ایسے تمام مریضوں کی فہرستیں شیئر کریں جو جیل میں قید کاٹتے ہوئے مہلک بیماریوں کا شکار ہوئے ہیں، شخصیات اور انسانیت میں فرق ختم کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن نواز شریف کیلئے دعاگو ہوں، وزیر اعظم

معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان بیت المال دکھی انسانیت کو تحفظ دینے کا اہم ادارہ ہے، وزیراعظم نے بیت المال کا دائرہ احساس پروگرام تک وسیع کیا، عمران خن عوامی مفاد کے راستے میں رکاوٹیں دور کر رہے ہیں جبکہ اصلاحات پروگرام کے تحت پاکستان بیت المال میں بھی اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں جنگیں سرحدوں پر نہیں بلکہ معاشی میدان میں لڑی جارہی ہیں جبکہ ملکی ترقی کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں