سری لنکا کیخلاف میچز کراچی اور راولپنڈی میں کرانے کی تجویز

اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2019
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچز کی سیریز رواں سال دسمبر میں شیڈول ہے— فائل فوٹو: اے پی
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچز کی سیریز رواں سال دسمبر میں شیڈول ہے— فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں 10سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کی امیدیں مزید روشن ہو گئی ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز کے میچز کراچی اور راولپنڈی میں کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔

2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملوں کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے پاکستان میں ایک بھی ٹیسٹ میچ کا انعقاد نہ ہو سکا اور نتیجتاً قومی ٹیم کو اپنے تمام ٹیسٹ میچز متحدہ عرب امارات یا دیگر مقامات پر کھیلنے پڑے۔

حال ہی میں محدود اوورز کی سیریز کے لیے پاکستان آنے والی سری لنکن ٹیم کے کامیاب دورے کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے انعقاد کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔

محدود اوورز کی سیریز کے لیے 10 اہم اور سینئر سری لنکن کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد سری لنکن نے نوجوان اور قدرے ناتجربہ کار ٹیم کو پاکستان بھیجا تھا۔

تاہم کامیاب دورے کے بعد مذکورہ کھلاڑیوں نے پاکستان میں سیکیورٹی اور ماحول کو کھیل کے لیے شاندار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے سینئر کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کے لیے راضی کرنے کی کوشش کریں گے۔

پی سی بی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کراچی اور لاہور کے بجائے راولپنڈی میں کرانے کی تجویز پیش کی ہے جہاں راولپنڈی میں آخری مربتہ 2004 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی میزبانی کی تھی۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں منعقد کرانے کی تجویز دی گئی ہے جس نے پاکستان میں 2009 میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی تھی۔

ٹیسٹ سیریز کے لیے لاہور کو نظرانداز کردیا گیا جس کی وجہ صوبے بھر میں اسموگ اور ٹیسٹ میچ کے لیے دن کے کم اوقات و روشنی کے مسائل کے سبب صوبہ پنجاب کے دارالحکومت کو زیر غور نہیں لایا گیا۔

پاکستان نے ابھی سری لنکا کو اس سیریز کے میچز ان دو مقامات پر منعقد کرانے کی تجویز پیش کی ہے تاہم ابھی تک سری لنکن بورڈ نے ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے حتمی رضامندی ظاہر نہیں کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں