ایپل واچ سے مشابہہ شیاؤمی کی پہلی اسمارٹ واچ متعارف

05 نومبر 2019
شیاؤمی کی می واچ — فوٹو بشکریہ شیاؤمی
شیاؤمی کی می واچ — فوٹو بشکریہ شیاؤمی

شیاﺅمی نے اپنی پہلی اسمارٹ واچ متعارف کرادی ہے جسے می واچ کا نام دیا گیا ہے اور دیکھنے میں ایپل واچ سے بہت زیادہ ملتی جلتی ہے۔

یہ اسمارٹ واچ شیاؤمی نے اپنے 108 میگا پکسل کیمرے سے لیس می سی سی 9 پرو کے ساتھ پیش کی گئی۔

ایپل واچ کی طرح می واچ میں چوکور باڈی دی گئی ہے جس کے ساتھ 1.78 انچ امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے، جو آل ویز آن اسکرین دی گئی ہے۔

اس اسمارٹ واچ مین گوگل وئیر آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ایم آئی یو آئی سے کیا ہے۔

گھڑی کے اندر میٹل ہاﺅسنگ، المونیم ایلوئے موجود ہے، مائیکرو سافونز دونوں اطراف میں ہیں جو آڈیو ریکارڈنگ اور کالز سننے کا کام کرتے ہیں جبکہ ایک لاﺅڈ اسپیکر موسیقی یا آنے والی کالز سننے کے لیے ہے۔

اس اسمارٹ واچ میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون وئیر 3100 فور جی چپ سیٹ، فور کورٹیکس اے 7 دیا گیا ہے جبکہ ایک جی بی ریم اور 8 جی بی اسٹوریج موجود ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی پہلی اسمارٹ واچ میں سیلولر کنکٹویٹی (ای سم کے ذریعے)دی گئی ہے، اس کے علاوہ وائی فائی، جی پی ایس، بلیوٹوتھ اور این ایف سی سپورٹ بھی موجود ہے۔

سنگل چارج پر می واچ کو 36 گھنٹے تک استعمال کیا جاسکتا ہے اور یہ سلیپ ٹریکنگ، سائیکلنگ اور رننگ پرفارمنس جاننے میں بھی مدد دیتا ہے۔

اس کی قیمت 1299 یوآن (28 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے اور یہ اگلے ہفتے چین میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی، تاہم دیگر ممالک میں اس کی دستیابی کے حوالے سے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

شیاﺅمی وئیرایبل ڈیوائسز کے حوالے سے کوئی نیا نام نہیں، مگر اب تک یہ فٹنس ٹریکر ہی تیار کرتی رہی ہے اور اب پہلی بار اسمارٹ واچ تیار کی گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں