کوک اسٹوڈیو 12 کی تیسری قسط کے ’مبارک مبارک‘ کے چرچے

اپ ڈیٹ 04 دسمبر 2019
تیسری قسط میں بھی تین گانے شامل ہیں—اسکرین شاٹ
تیسری قسط میں بھی تین گانے شامل ہیں—اسکرین شاٹ

گزشتہ ہفتے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں سانحہ تیزگام کی وجہ سے کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کی ملتوی کی گئی تیسری قسط کو جاری کردیا گیا۔

کوک اسٹوڈیو 12 کی تیسری قسط کو یکم نومبر کو ریلیز کیا جانا تھا، مگر سانحہ تیز گام کی وجہ سے اسے ملتوی کیا گیا تھا، تاہم اب تیسری قسط کو جاری کردیا گیا۔

8 نومبر کو جاری کی گئی تیسری قسط میں بھی پہلی دونوں قسطوں کی طرح تین گانے دیے گئے ہیں۔

کوک اسٹوڈیو کے 12 ویں سیزن کا آغاز گزشتہ ماہ 11 اکتوبر کو عاطف اسلم کے ’وہی خدا‘ سے ہوا تھا اور اب تیسری قسط میں ایک بار پھر عاطف اسلم پیش ہوئے ہیں۔

کوک اسٹوڈیو 12 کی پہلی قسط کو گزشتہ ماہ 19 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا، پہلی قسط میں تین گانے دیے گئے تھے، تاہم سب سے زیادہ سرائیکی گانے ’ماہی دیاں جھوکاں‘ کو پسند کیا گیا تھا۔

پہلی قسط کے ’ماہی دیاں جھوکاں ‘ کو جمال فقیر تروپ اور ان کے ساتھیوں نے روایتی انداز میں پیش کیا تھا۔

پہلی قسط کے گانے ’دم مستم‘ کو راحت فتح علی خان نے جب کہ تیسرے گانے ’رم پم‘ کو گلوکارہ ذوئی وکاجی اور شہاب حسین نے گایا تھا۔

کوک اسٹوڈیو کی پہلی قسط کے گانے سنیں

کوک اسٹوڈیو کی دوسری قسط گزشتہ ماہ 27 اکتوبر کو جاری کی گئی تھی، جس میں پہلی قسط کی طرح تین گانے دیے گئے تھے۔

دوسری قسط میں کشمیری و ترکی زبان کے گانے ’روشے‘ کو بھی جاری کیا تھا، جسے گلوکارہ زیب بنگش اور ساتھیوں نے گایا۔

دوسری قسط میں ماضی کے مقبول گیت ’سیاں‘ کا ریمیک بھی شامل کیا گیا، جسے ریچل وکاجی اور شجاع حیدر نے گایا۔

دوسری قسط کے ماضی کے مقبول گانے ’بلو‘ کے ریمیک نے سب کا دل دیوانہ کردیا، مقبول گیت کے ریمیک کو بھی گلوکار ابرار الحق نے گایا گیا۔

’بلو‘ کو ماضی میں بھی ابرار الحق نے گایا تھا اور اس گانے کو پہلی بار 1995 میں ریلیز کیا گیا تھا، جسے اب دوبارہ کوک اسٹوڈیو میں 24 سال بعد گایا گیا۔

اور اب کوک اسٹوڈیو کی تیسری قسط میں بھی تین گانے ریلیز کردیے گئے، جن میں سے ’مبارک مبارک‘ گانے نے سب کے دل جیت لیے۔

کوک اسٹوڈیو کی دوسری قسط کے گانے سنیں

کوک اسٹوڈیو 12 کی تیسری قسط کے بلوچی و پنجابی زبان کے گانے ’مبارک مبارک‘ کو عاطف اسلم کے ساتھ بلوچستان کے میوزیکل بینڈ بنور کے ارکان نے گایا ہے اور اسے بہت سراہا جا رہا ہے۔

تیسری قسط میں قوال فرید ایاز اور ابو محمد کے ’آدم‘ کو بھی ریلیز کیا گیا ہے۔

تیسری قسط میں عمیر جسوال کے ’چل رہا ہوں‘ کو بھی شامل کیا گیا ہے، تاہم سب سے زیادہ ’مبارک مبارک‘ کو پسند کیا جا رہا ہے۔

مبارک مبارک

آدم

چل رہا ہوں

تبصرے (0) بند ہیں