شوبز چھوڑنے کے بعد رابی پیرزادہ کیا کرنے جا رہی ہیں؟

اپ ڈیٹ 11 نومبر 2019
اداکارہ نے رواں ماہ کے آغاز میں شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا—فوٹو: فیس بک
اداکارہ نے رواں ماہ کے آغاز میں شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا—فوٹو: فیس بک

معروف گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ نے اپنی ذاتی ویڈیو لیک ہونے کے بعد رواں ماہ 4 نومبر کو شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

رابی پیرزادہ کی جانب سے شوبز کو خیرباد کہنے پر جہاں شوبز کی شخصیات نے اسے مایوس کن فیصلہ قرار دیا تھا، وہیں کئی مداحوں نے بھی اداکارہ سے اپنا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم بعض مداح اداکارہ کے شوبز چھوڑنے کے فیصلے پر مطمئن بھی تھے، ساتھ ہی مداحوں نے گلوکارہ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اب اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا آغاز کریں۔

اور اب اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ کے ذریعے خانہ کعبہ کی کچھ بنائی گئی پینٹنگز شیئر کرتے ہوئے زندگی کی نئی شروعات کا اعلان کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: رابی پیرزادہ کا نازیبا ویڈیوز لیک ہونے پر ایف آئی اے سے رجوع

رابی پیرزادہ نے اپنی ٹوئٹ میں پینسل آرٹ ورک سے بنائی گئی خانہ کعبہ کی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے اسے ’نئی شروعات‘ کا نام دیا، ساتھ ہی اداکارہ نے ’روح کو بچاؤ‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

اگرچہ اداکارہ نے واضح نہیں کیا کہ وہ شوبز کو چھوڑنے کے بعد اب کیا کرنے جا رہی ہیں، تاہم ان کے مداحوں نے اس کو رابی پیرزادہ کے بطور پینٹرز کیریئر کا آغاز قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: رابی پیرزادہ کا شوبز چھوڑنے کا اعلان

اداکارہ کی جانب سے نئے آغاز کی ٹوئٹ کیے جانے کے بعد کئی مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید حوصلہ مند ہونے کا مشورہ دیا۔

کچھ مداحوں کا خیال تھا کہ اداکارہ شوبز چھوڑنے کے بعد اب مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزاریں گی اور ممکنہ طور پر رابی پیرزادہ اب نعت خوانی میں قسمت آزمائیں گی لیکن خود انہوں نے اس کی کوئی وضاحت نہیں کی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں اپنی ذاتی تصاویر اور ویڈیوز لیک ہونے کے بعد اداکارہ نے جہاں شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، وہیں انہوں نے کچھ انٹرویوز میں یہ بھی کہا تھا کہ ان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر بات کیے جانے کی وجہ سے ان کی ویڈیوز لیک کی گئیں۔

رابی پیرزادہ ویڈیوز لیک ہونے سے قبل گزشتہ چند ماہ سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق سوشل میڈیا پر متحرک تھیں اور بھارت کی جانب سے وادی کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے پر انڈیا پر سخت تنقید کرتی آ رہی تھیں۔

یہ بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ رابی پیرزادہ نعت خوانی میں قسمت آزمائیں گی—فوٹو: انسٹاگرام
یہ بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ رابی پیرزادہ نعت خوانی میں قسمت آزمائیں گی—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں