شمالی وزیرستان میں سڑک کنارے دھماکا، 3 فوجی جوان شہید

اپ ڈیٹ 13 نومبر 2019
شہید ہونے والے فوجی جوانوں میں سپاہی ساجد، سپاہی ریاست اور سپاہی بابر شامل ہیں، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر
شہید ہونے والے فوجی جوانوں میں سپاہی ساجد، سپاہی ریاست اور سپاہی بابر شامل ہیں، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر

قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سڑک کنارے دھماکے کے نتیجے میں 3 فوجی جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا ہوا جس میں ایک جوان زخمی بھی ہوا۔

دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں میں سپاہی ساجد، سپاہی ریاست اور سپاہی بابر شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں دھماکا، 3 لیویز اہلکار شہید، ایک زخمی

واضح رہے کہ پاک فوج جہاں بیرونی دشمنوں سے ملک کو بچانے کے لیے سرحدوں پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے تو وہیں اس کے سیکڑوں جوان ملک کی حفاظت کرتے ہوئے دہشت گردی کا شکار ہو کر شہید ہو چکے ہیں۔

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے آئے روز پاکستان کی شہری آبادی اور فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، جس میں دو روز قبل بھی پاک فوج کا جوان شہید ہوا تھا۔

25 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں شرپسندوں کی جانب سے گاڑی پر کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں تیل کی تلاش کرنے والی کمپنی کے 4 ملازمین جاں بحق جبکہ پیراملٹری فورس کے 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں