شہباز شریف کا بطور چیئرمین 'پبلک اکاؤنٹس کمیٹی' استعفیٰ منظور

شہباز شریف نے مئی میں کمیٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا — فائل فوٹو / ڈان نیوز
شہباز شریف نے مئی میں کمیٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا — فائل فوٹو / ڈان نیوز

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شہباز شریف کا پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ منظور کر لیا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق شہباز شریف کے استعفے کا اطلاق آج ہی سے ہوگا۔

شہباز شریف کا استعفیٰ منظور ہونے کے بعد اسمبلی سیکریٹریٹ نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔

سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کمیٹی کا اجلاس 28 نومبر کو دن 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔

بیان میں کہا گیا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور طریقہ کار کے قاعدہ 225 (1) کے تحت طلب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی جگہ رانا تنویر چیئرمین پی اے سی نامزد

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مئی میں حیران کن طور پر قومی اسمبلی کی طاقتور ور ترین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس بات کا اعلان (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی کے مشترکہ پارلیمانی اجلاس کے بعد ایک بیان کے ذریعے کیا تھا۔

یہ اجلاس سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا تھا جس میں انہوں نے اس فیصلے سے اراکین کو آگاہ کیا۔

یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ شہباز شریف کے مستعفی ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر رانا تنویر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے لیے نامزد کیا جائے گا اور اس حوالے سے پارٹی جلد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو آگاہ کرے گی۔

مزید پڑھیں: حکومت کا شہباز شریف سے پی اے سی کی سربراہی چھوڑنے کا مطالبہ

(ن) نے سیالکوٹ سے منتخب رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کو شہباز شریف کی جگہ قومی اسمبلی میں پارٹی کا پارلیمانی لیڈر منتخب کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔

شہباز شریف کا 'پی اے سی' کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ اس حوالے سے بھی حیران کن تھا کہ اس معاملے پر پاکستان تحریک انصآف (پی ٹی آئی) کی حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان طویل تنازع کے بعد گزشتہ سال دسمبر میں ہی شہباز شریف کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں