عمران خان کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہیں کریں گے، ملائیشیا کی تصدیق

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2019
مانا جا رہا ہے کہ اس سمٹ کے انعقاد کی تجویز وزیر اعظم عمران خان نے ہی پیش کی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی
مانا جا رہا ہے کہ اس سمٹ کے انعقاد کی تجویز وزیر اعظم عمران خان نے ہی پیش کی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیر اعظم عمران خان نے دورہ ملائیشیا منسوخ کردیا اور وہ کوالمپور میں شیڈول تین روزہ سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔

ملائیشیا کے وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کی منسوخی اور کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کے دورہ ملائیشیا کا فیصلہ قومی مفاد کے مطابق کیا جائے گا، معاون خصوصی

بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم مہاتیر محمد کو گزشتہ روز (16دسمبر) کو عمران خان کی کال موصول ہوئی جس میں انہوں نے کوالالمپور سمٹ میں شرکت سے معذوری ظاہر کی۔

ملائیشین وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے آگاہ کرنے کے عمران خان کے اقدام کو سراہا جہاں پاکستانی وزیر اعظم کو کوالالمپور سمٹ میں امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور موجودہ حالات کے حوالے سے اظہار خیال کرنا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد نے آج پاکستانی جریدے 'پاکستان ٹوڈے' میں شائع غلط خبر کی بھی تصحیح کی جس میں ملائیشین وزیر اعظم سے منسوب بیان میں کہا گیا تھا کہ کوالالمپور سمٹ کا مقصد اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جگہ ایک متبادل پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم تحفظات دور کرنے کے لیے ہفتے کو سعودی عرب روانہ ہوں گے

اس سے قبل ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان 18 سے 20 دسمبر تک شیڈول کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے اور ان کی جگہ کسی حکومتی نمائندے کو کانفرنس میں شرکت کے لیے بھیج دیا جائے گا۔

اس کانفرنس میں میزبان ملائیشیا، پاکستان، ترکی، ایران، قطر اور انڈونیشیا کے سربراہان مملکت کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ انڈونیشیا کے صدر جوکو وڈوڈو نے بھی شرکت سے معذرت کر لی تھی۔

18دسمبر سے شروع ہونے والی کانفرنس میں 52 ملکوں کے مسلمان رہنما، دانشور، اسکالر اور مفکرین شرکت کریں گے جبکہ 19دسمبر کو سربراہان مملکت کا اجلاس منعقد ہو گا جس میں وہ مسلم امہ اور اسلامی ممالک کو درپیش مسائل کا حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

یہ مانا جا رہا ہے کہ اس سمٹ کے انعقاد کی تجویز وزیر اعظم عمران خان نے رواں سال ستمبر میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد اور ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے دوران دی تھی۔

گزشتہ روز وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ملائیشیا کے دورے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان، سوئٹزرلینڈ کے دورے سے واپسی پر کوالالمپور کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے اور اس حوالے سے میڈیا کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

تاہم ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے کوالالمپور سمت کے حوالے سے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ منسوخ کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں