مقبوضہ کشمیر میں ٹیکسٹ میسیجنگ سروس جزوی طور پر بحال

02 جنوری 2020
مقبوضہ کشمیر میں ٹیکسٹ میسیجنگ سروس کی جزوی بحالی پر عوام نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے— رائٹرز
مقبوضہ کشمیر میں ٹیکسٹ میسیجنگ سروس کی جزوی بحالی پر عوام نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے— رائٹرز

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصہ حیثیت ختم کیے جانے اور مواصلاتی ذرائع پر عائد پابندی کو 5 ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود حکام کے دعوؤں کے برعکس ٹیکسٹ میسیجنگ سروس محض جزوی طور پر بحال کی گئی ہے۔

منگل کو مقامی حکومت کے ترجمان روہت کنسال نے کہا تھا کہ حکام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد 31دسمبر سے وادی میں میسیجنگ سروس کو بحال کردیں گے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کا 150 واں روز، حملے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک

تاہم فرسٹ پوسٹ کے مطابق میسیجنگ سروس سب کے لیے نہیں بلکہ سیلولر سروس چلانے والے صرف چند آپریٹرز کے لیے بحال کی گئی ہے۔

علاقے کے اہم انتظامی افسر بصیر خان نے تصدیق کی کہ میسیجنگ سروس صرف بھارت سنچر نگم لمیٹڈ کے صارفین کے لیے بحال کی گئی ہے جبکہ ایئرٹیل حکام کا کہنا ہے کہ سروس کی بحالی کے حکم پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

فرسٹ پوسٹ کے مطابق ٹیکسٹ میسیجنگ سروس کی جزوی بحالی پر کشمیری عوام اور صارفین نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے جہاں انہیں اپنے پیاروں سے رابطے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں بھارتی مظالم دکھانے پر فیس بک پر ریڈیو پاکستان کی لائیو اسٹریمنگ بند

یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں کی تعداد میں اضافی فوج بھیج کر لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ کرنے کے علاوہ خطے کی اہم سیاسی شخصیات کو قید کرنے کے بعد 5 اگست کو وادی کی خصوصی حیثیت (آرٹیکل 370) کو ختم کرکے اسے 2 اکائیوں میں تقسیم کردیا تھا۔

لاک ڈاؤن اور کرفیو کے نفاذ کے بعد مقبوضہ کشمیر کا بھارت سے مواصلاتی رابطہ منقطع ہو چکا ہے اور وہاں محصور عوام کو دنیا بھر میں اپنے عزیز و اقارب سے رابطے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں