اقرا عزیز کا شادی شدہ خواتین پر تشدد کا نیا ڈراما سیریل 'جھوٹی'

اپ ڈیٹ 06 جنوری 2020
’جھوٹٰی‘ کو جلد اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کردیا جائے گا—اسکرین شاٹ
’جھوٹٰی‘ کو جلد اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کردیا جائے گا—اسکرین شاٹ

حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھ جانے والی اقرا عزیز کے نئے آنے والے ڈرامے ’جھوٹی‘ کے 2 مختصر دورانیے کے ٹیزر سامنے آتے ہی وائرل ہوگئے۔

’جھوٹی‘ کو ’میرے پاس تم ہو‘ کے بعد کہانی کے حوالے سے بہت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور کئی لوگوں نے ڈرامے پر پاکستانی سماج کے ایک بہت بڑے مسئلے کو غلط انداز میں پیش کرنے کا الزام لگایا۔

’جھوٹی‘ کے سامنے آنے والے 2 مختصر ٹیزرز کو دیکھ کر ڈرامے کی مکمل کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ ڈرامے کی کہانی شادی شدہ خواتین پر ہونے والے گھریلو تشدد اور ان واقعات میں خواتین کی جانب سے بولے جانے والے جھوٹ پر مبنی ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں اقرا عزیز اور احمد علی بٹ شامل ہیں، ایک ٹیزر میں ان دونوں کی شادی کے معاملے کا منظر پیش کیا گیا ہے۔

جب کہ دوسرے مختصر ٹیزر میں صرف اقرا عزیز کو دکھایا گیا ہے جو گھر میں ایک شیشے کے سامنے ’گھریلو تشدد‘ کا ڈراما رچارہی ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح شادی کے بعد اقرا عزیز اپنے دکاندار شوہر اور سسرالیوں کے خلاف گھریلو تشدد کا ڈراما رچانے کی کوشش کرتے ہوئے مکروہ انداز میں ہنستی ہیں۔

شائقین کی جانب سے اسی ٹیزر کو سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ڈرامے کی ٹیم پر پاکستان کے اہم ترین اور سنگین مسئلے کو غلط انداز میں پیش کرنے کا الزام بھی لگایا گیا۔

ٹوئٹر پر کئی مداحوں نے اقرا عزیز کی جانب سے مذکورہ ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے اور خواتین پر ہونے والے گھریلو تشدد پر ڈراما رچانے پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ اقرا عزیز بھی اہم ترین مسئلے کو غلط انداز میں پیش کرنے والے ڈرامے میں کردار ادا کریں گی۔

کئی ٹوئٹر صارفین کا کہنا تھا کہ ’جھوٹی‘ میں گھریلو تشدد کو صرف جھوٹ کے طور پر دکھائے جانے سے ملک کے ایک اہم اور سنگین مسئلے کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے اور لوگ اس حوالے سے خواتین کو ہی قصور وار ٹھہرائیں گے۔

کئی مداحوں نے ڈرامے کے پروڈیوسر، ہدایت کار، اداکاروں اور نجی چینل اے آر وائی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مداحوں نے کمپنیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ نجی چینل کو اشتہارات دینا بند کریں۔

ڈرامے پر آن لائن تنقید کے بعد تاحال اقرا عزیز یا احمد علی بٹ سمیت دیگر ٹیم نے کوئی جواب نہیں دیا۔

’جھوٹی‘ کو اے آر وائی ڈیجیٹل پر جلد ہی ریلیز کیا جائے گا، اس میں اقرا عزیز اور احمد بٹ کے علاوہ یاسر حسین بھی دکھائی دیں گے۔

ڈرامے کی ہدایات سید رامشی رضوی نے دی ہیں جب کہ اسے عبداللہ سیجا نے پروڈیوس کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں