• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:53pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:56pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:53pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:56pm

پشاور: شادی کیلئے وطن واپس آنے والے سکھ نوجوان کو منگیتر نے قتل کیا، پولیس

شائع January 10, 2020
پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزمہ اس شادی سے ناخوش تھی اور رشتہ ختم کرنا چاہتی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزمہ اس شادی سے ناخوش تھی اور رشتہ ختم کرنا چاہتی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

پشاور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شادی کے لیے وطن واپس آنے والے سکھ نوجوان کے قتل میں منگیتر ملوث ہے۔

واضح رہے کہ 5 جنوری کو پولیس نے فائرنگ سے ہلاک ہونے والے سکھ نوجوان پرویندر سنگھ کی لاش چمکنی کے علاقے سے برآمد کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔

قتل کی تحقیقات سے متعلق تازہ پیش رفت پر پولیس نے ڈان کو بتایا کہ مقتول پرویندر سنگھ کے قتل میں ان کی منگیتر پریم کماری ملوث تھییں۔

پولیس کے مطابق پرویندر کو مروانے والی ان کی منگیتر تھی۔

مزید پڑھیں: پشاور: شادی کیلئے وطن واپس آنے والا سکھ نوجوان قتل

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزمہ اس رشتے سے ناخوش تھی اور وہ رشتہ ختم کرنا چاہتی تھی۔

پرویندر سنگھ گزشتہ 6 برس سے ملائیشیا میں ملازمت کر رہے تھے اور اگلے ماہ (فروری) میں ان کی شادی تھی اور اسی سلسلے میں تیاری کے لیے حال ہی میں پاکستان پہنچے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمہ نے اپنی سہیلی کے بہانے منگیتر کو مردان بلایا تھا تاہم اس سے قبل ہی ملزمہ 3 اجرتی قاتلوں کو 7 لاکھ روپے کی ادائیگی کر چکی تھی۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ مردان میں مقتول کی منگیتر سمیت 4 اجرتی قاتلوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

پشاور پولیس نے آلہ قتل اور قتل میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: غیرت کے نام پر قتل کی معاشرے میں کوئی جگہ نہیں

اس ضمن میں بتایا گیا کہ ملزمہ کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا جہاں سے عدالت نے ملزمان کو جیل بھجوا دیا۔

دوسری جانب پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزمہ کو ٹرانزٹ کسٹڈی پر 11 جنوری کو پشاور پولیس کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ چیکسر شانگلہ کے رہائشی پرویندر سنگھ کو چند روز قبل چمکنی پولیس اسٹیشن کی حدود میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

بعد ازاں مقتول کے بھائی کو پرویندر سنگھ کے نمبر سے ہی فون آیا اور ایک نامعلوم شخص نے پرویندر سنگھ کے قتل اور ان کی لاش سے متعلق آگاہ کیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی لاش ایک برساتی نالے سے برآمد کی گئی جبکہ مقتول کے سر میں گولی کا گہرا زخم تھا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: غیرت کے نام پر جوڑے کا قتل

میڈیا سے بات کرتے ہوئے مقتول کے بھائی ہرمیت سنگھ نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اس واقعے کو اجاگر کریں تاکہ ان کے بھائی کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں'۔

کارٹون

کارٹون : 14 اکتوبر 2024
کارٹون : 13 اکتوبر 2024