روسی صدر کی آئین میں ترامیم کی تجویز، وزیر اعظم اور کابینہ نے استعفیٰ دے دیا

اپ ڈیٹ 15 جنوری 2020
روسی صدر ولادی میر پیوٹن — فائل فوٹو / اے پی
روسی صدر ولادی میر پیوٹن — فائل فوٹو / اے پی

روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے اپنے اقتدار کو دوام بخشنے کے لیے آئینی میں ترامیم کی تجویز کے بعد ملک کے وزیر اعظم دمِتری میدویدیف اور ان کی کابینہ نے استعفیٰ دے دیا جو صدر نے منظور کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے پی' کے مطابق دمِتری میدویدیف نے ٹی وی پر اپنے بیان میں کہا کہ صدر کی طرف سے حکومت میں مجوزہ تبدیلیوں کی روشنی میں وہ عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔

ولادی میر پیوٹن نے وزیر اعظم کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں صدارتی سیکیورٹی کونسل کا نائب سربراہ مقرر کردیا۔

قبل ازیں روسی صدر نے قوم سے خطاب کے دوران آئین میں ترمیم کی تجویز دی تھی جس کے تحت قانون سازوں کو وزیر اعظم اور کابینہ اراکین مقرر کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

اس وقت یہ تقرریاں کرنے کا اختیار روسی صدر کے پاس ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روسی صدر کا شام کا غیر متوقع دورہ، بشارالاسد سے ملاقات

ولادی میر پیوٹن نے حکومت کے اعلیٰ عہدیداران اور قانون سازوں کو بتایا تھا کہ 'اس سے پارلیمنٹ اور پارلیمانی جماعتوں کے کردار، وزیر اعظم اور کابینہ اراکی کے اختیارات اور آزادی میں اضافہ ہوگا۔'

تاہم اسی موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر پارلیمانی نظام کے تحت حکومت چلائی گئی تو روس مستحکم نہیں رہے گا، لہٰذا ملک کے صدر کے پاس وزیر اعظم اور وزرا کو برطرف کرنے، اعلیٰ دفاعی اور سیکیورٹی عہدیداران کی تقرری کا اختیار برقرار رہنا چاہیے جبکہ وہ روسی فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انچارج بھی رہیں گے۔

روسی صدر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آئین میں ترامیم سے متعلق ملکی سطح پر ووٹنگ کی جانی چاہیے۔

واضح رہے کہ 67 سالہ ولادی میر پیوٹن کی صدارتی مدت 2024 میں پوری ہوگی، وہ 20 سال سے زائد عرصے تک ملک میں اقتدار میں رہے جو جوزف اسٹالِن کے بعد روس یا سوویت یونین کا بطور سربراہ سب سے زیادہ عرصہ ہے۔

مزید پڑھیں: برطانیہ اور روس کے ایک سال بعد مذاکرات

ملک کے موجودہ قانون کے مطابق صدارت کی یہ مدت پوری ہونے کے بعد انہیں عہدہ چھوڑنا ہوگا کیونکہ قانون کے مطابق کوئی بھی شخص مسلسل دو مدت تک ملک کا صدر رہ سکتا ہے۔

سیاسی تجزیہ کار کیریل روگوف نے کہا کہ ولادی میر پیوٹن کی تجاویز سے انچارج برقرار رہنے کے لیے ان کے ارادے کا اندازہ ہوتا ہے، جبکہ تجاویز کے مطابق حکومت کی دیگر شاخوں میں اختیارات تقسیم کر دیے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں