’فوجی بوٹ‘ کے ساتھ پروگرام میں شرکت: فیصل واڈا پر میمز بننے لگیں

اپ ڈیٹ 15 جنوری 2020
فیصل واڈا 14 جنوری کی شب پروگرام میں بوٹ ساتھ لے کر آئے تھے—اسکرین شٹ
فیصل واڈا 14 جنوری کی شب پروگرام میں بوٹ ساتھ لے کر آئے تھے—اسکرین شٹ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا کو گزشتہ شب نجی چینل (اے آر وائی) کے پروگرام میں 'فوجی بوٹ' لانے پر اگرچہ شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تاہم ان کے اس عمل پر سوشل میڈیا پر کئی طرح کے میمز بھی سامنے آئے۔

فیصل واڈا 'اے آر وائی نیوز' کے پروگرام 'آف دی ریکارڈ' میں ’فوجی بوٹ‘ ساتھ لے کر آئے تھے اور ان کے ساتھ پروگرام میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید عباسی بھی بطور مہمان شریک ہوئے تھے۔

پروگرام کی صورتحال اس وقت انتہائی مضحکہ خیز ہوگئی جب فیصل واڈا نے 'فوجی بوٹ' میز پر رکھتے ہوئے کہا کہ 'مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی ہے'۔

نہوں نے کہا کہ 'یہ ہے آج کی جمہوری مسلم لیگ، لیٹ کر چوم کر بوٹ کو عزت دو'۔

اس موقع پر پروگرام کے میزبان کاشف عباسی نے کہا کہ 'میں تو سمجھا کہ آپ بندوق لے آئے ہیں، یہ تو بندوق سے بھی زیادہ خطرناک چیز لائے ہیں۔'

یہ بھی پڑھیں: ٹی وی پروگرام میں 'فوجی بوٹ' لانے پر فیصل واڈا پر تنقید

فیصل واڈا نے کہا کہ 'قوم نے ان کی اصلیت دیکھ لی، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ہسپتال کا ڈرامہ کر کے باہر بھاگ گئے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور سابق وزیر اعظم چیخ چیخ کر لوگوں کو بتائیں کہ جب ہماری چوری پکڑی جائے گی تو ہم لیٹ کر اور چوم کر بوٹ کو عزت دیں گے، ہم اس حد تک گر جائیں گے کہ کچھ بھی کرنے کو تیار ہو جائیں گے'۔

پروگرام میں فوجی بوٹ لانے پر قمر زمان کائرہ اور جاوید عباسی احتجاجاً پروگرام ادھورا چھوڑ کر چلے گئے جس کے بعد فیصل واڈا کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور سوشل میڈیا پر بھی ان کا مذاق اڑایا گیا۔

پروگرام میں ’فوجی بوٹ‘ کو ساتھ لے کر آنے پر فیصل واڈا کے قدم پر کئی طرح کی میمز کو شیئر کیا گیا۔

صحافی فیضان لاکھانی نے فیصل واڈا کے قدم پر میم شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ ’میرا بوٹ میری مرضی‘۔

صحافی ضرار کھوڑو نے بھی فیصل واڈا کی جانب سے فوجی بوٹ ساتھ لے کر آنے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ آج کل مذکورہ بوٹ ہر کسی کے ارد گرد چلتے نظر آتے ہیں۔

ایک صارف نے ہارر ایکشن ہولی وڈ فلم جوکر کے کردار کی میم شیئر کی جس پر لکھا تھا کہ ’میں اپنے بچوں کو جاکر بتاؤں گا کہ ٹی وی شو میں دکھنے والا شخص فیصل واڈا ہے‘۔

سلیما جہانگیر نامی ٹوئٹر ہینڈل سے ایک بلی کے ساتھ فوجی بوٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ پی ٹی آئی کا نیا مینیفیسٹو ان کے اپنے ہی وزیر نے بتادیا اور فیصل واڈا کی جانب سے ٹی وی شو میں فوجی بوٹ ساتھ لے کر آنے پر تمام شبہات ختم ہوگئے۔

اس سارے معاملے میں آن لائن اسٹور ’دراز‘ بھی کود پڑا اور اس نے بھی اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ’فوجی پیٹ‘ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دراز پر ہر طرح کے بوٹ فروخت کے لیے موجود ہیں اور ساتھ ہی آن لائن اسٹور نے ’فیصل واڈا‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

ایک صارف نے فوجی بوٹ میں سے پودا اگنے کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ثمرات ملنا شروع ہو رہے ہیں۔

عمیر بھٹی نامی شخص نے نیوز شو میں فیصل واڈا کی فوجی بوٹ کے ساتھ والی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پروگرام کے دوران میزبان نے مہمانوں سے پوچھا کہ وہ چائے کے ساتھ بسکٹ لیں گے تو فیصل واڈا نے شکریہ ادا کیا اور کہا وہ اپنے ساتھ بسکٹ لے کر آئے ہیں۔

فہد دیس مکھ نامی ٹوئٹر ہینڈل سے بھی فیصل واڈا کی فوجی بوٹ کے ساتھ تصویر شیئر کی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں