ایف آئی اے ’ہراساں‘ کر رہی ہے، صندل خٹک کی عدالت میں درخواست

اپ ڈیٹ 16 جنوری 2020

ای میل

صندم خٹک ساتھی اسٹار حریم شاہ کے ساتھ ویڈیوز بناتی نظر آتی ہیں — فوٹو: انسٹاگرام
صندم خٹک ساتھی اسٹار حریم شاہ کے ساتھ ویڈیوز بناتی نظر آتی ہیں — فوٹو: انسٹاگرام

متنازع ویڈیوز بناکر شہرت حاصل کرنے والی ٹک ٹاک اسٹار صندم خٹک نے لاہور کی سیشن کورٹ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے خلاف درخواست دائر کردی۔

صندل خٹک نے سیشن کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں الزام عائد کیا کہ ایف آئی اے انہیں ہراساں کر رہا ہے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ایسا کرنے سے روکا جائے۔

ٹک ٹاک اسٹار کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ ایف آئی اے نے انہیں 28 اکتوبر اور 5 نومبر 2019 کو نوٹسز جاری کرکے تفتیش کے لیے پیش ہونے کا کہا۔

ماڈل نے اپنی درخواست میں لکھا کہ انہیں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ان کے خلاف کس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

دائر کی گئی درخواست میں صندل خٹک نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو ان کے خلاف جاری تحقیقات سے متعلق تمام دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

صندل خٹک کے مطابق وہ کسی بھی غلط کام میں ملوث نہیں—فوٹو: انسٹاگرام
صندل خٹک کے مطابق وہ کسی بھی غلط کام میں ملوث نہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اپنی درخواست میں ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ انہیں کسی طرح کی کوئی معلومات نہیں دی گئیں اور نہ ہی ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کے حوالے سے انہیں کچھ بتایا گیا۔

انہوں نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا کہ وہ کبھی بھی کسی طرح کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہیں اور وہ ملک کی معصوم شہری ہیں۔

ٹک ٹاک اسٹار نے اپنی درخواست میں ایف آئی اے پر ’ہراساں‘ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت سے درخواست کی کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔

عدالت نے ماڈل کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ماہ 4 فروری کو دستاویزات سمیت طلب کرلیا۔

خیال رہے کہ صندل خٹک ساتھی ماڈل حریم شاہ کے ساتھ متنازع ویڈیوز بنانے کے حوالے سے ملک بھر میں شہرت رکھتی ہیں۔

صندل خٹک ساتھی اسٹار حریم شاہ کے ساتھ متنازع ویڈیوز بناتی رہتی ہیں—اسکرین شاٹ
صندل خٹک ساتھی اسٹار حریم شاہ کے ساتھ متنازع ویڈیوز بناتی رہتی ہیں—اسکرین شاٹ

دونوں ماڈلز کئی سیاسی رہنماؤں اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ متنازع ویڈیوز بناتی نظر آتی ہیں جب کہ حریم شاہ کی دفتر خارجہ میں بنائی گئی ویڈیو نے بھی ملک میں ایک ہنگامہ کھڑا کردیا تھا۔

اس سے قبل دونوں ماڈلز کی اینکر پرسن مبشر لقمان کے نجی طیارے پر بنائی گئی ویڈیوز پر تنازع ہوا تھا جب کہ دونوں ماڈلز دیگر افراد کے ساتھ بھی ویڈیوز بناتی رہتی ہیں۔

کچھ دن قبل ہی حریم شاہ اور صندل خٹک کے حوالے سے اینکر پرسن مبشر لقمان نے اپنے یوٹیوب پروگرام میں ایک دوسرے صحافی کے ساتھ کئی انکشافات کیے تھے اور دعویٰ کیا تھا کہ ماڈلز کے پاس وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین اور ایک خاتون وفاقی وزیر کی قابل اعتراض ویڈیوز موجود ہیں۔

صندل خٹک نے درخواست میں ساتھی اسٹار حریم شاہ کا ذکر نہیں کیا—فوٹو: فیس بک
صندل خٹک نے درخواست میں ساتھی اسٹار حریم شاہ کا ذکر نہیں کیا—فوٹو: فیس بک

مذکورہ پروگرام کے بعد چوہدری فواد حسین نے مبشر لقمان کو شادی کی ایک تقریب میں تھپڑ بھی رسید کردیا تھا۔

صندل خٹک اور حریم شاہ کے حوالے سے یہ اطلاعات بھی ہیں کہ وہ متنازع ویڈیوز کی وجہ سے خود کو غیر محفوظ سمجھنے کے بعد بیرون ملک منتقل ہونے کی کوششیں بھی کر رہی ہیں۔

یہ اطلاعات بھی ہیں کہ حریم شاہ اور صندل خٹک نے کینیڈا میں سیاسی پناہ کی درخواست بھی دے رکھی ہے تاہم تاحال اس حوالے سے دونوں ماڈلز نے کچھ نہیں کہا۔

عدالت نے صندل خٹک کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا—فوٹو: انسٹاگرام
عدالت نے صندل خٹک کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا—فوٹو: انسٹاگرام