احمر شہزاد لغاری کی پاک فضائیہ کے نائب سربراہ کے عہدے پر ترقی

17 جنوری 2020
احمر شہزاد لغاری کو پاکستان فضائیہ کے نائب سربراہ جبکہ کموڈور محمد فیصل عباسی کی ریئرایڈمرل کے عہدے پر ترقی دی گئی— فوٹو: بشکریہ پاک فضائیہ/ پاک بحریہ
احمر شہزاد لغاری کو پاکستان فضائیہ کے نائب سربراہ جبکہ کموڈور محمد فیصل عباسی کی ریئرایڈمرل کے عہدے پر ترقی دی گئی— فوٹو: بشکریہ پاک فضائیہ/ پاک بحریہ

حکومت پاکستان نے احمر شہزاد لغاری کو پاکستان فضائیہ کے نائب سربراہ کے عہدے پر ترقی دے دی۔

وائس چیف آف ایئر اسٹاف احمر شہزاد لغاری نے نومبر 1984 میں پاک فضائیہ کی گورنمنٹ ڈیوٹی پائلٹ برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا ور اپنے شاندار کیریئر میں وہ فائٹر اسکواڈرن اور آپریشنل ایئربیس کی کمانڈ بھی کر چکے ہیں۔

وہ اپنے کیریئر میں ہیڈ کوارٹرز میں چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر فیلکن اور ڈائریکٹر جنرل پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ امریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں فضائی اتاشی کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

پاک فضائیہ کے افسر اس کے علاوہ جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز چکلالہ میں ڈائریکٹر جنرل لاجسٹکس اور کامرہ میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس بورڈ میں چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔

وہ کامبیٹ کمانڈرز اسکول، اسلام آباد کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور امریکا کے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے گریجویٹ ہیں۔

پاک فضائیہ کے لیے بیش بہا خدمات پر انہیں تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز، ہلال امتیاز اور امریکا میں لیجن آف میرٹ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وائس ایڈمرل ظفرمحمود عباسی پاک بحریہ کے نئے سربراہ ہوں گے

کموڈور محمد فیصل عباسی کی ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی

دوسری جانب پاک بحریہ کے کموڈور محمد فیصل عباسی کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔

ریئر ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے 1991 میں پاک بحریہ کی آپریشن برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔

فلیگ آفیسر پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں اور اپنے شاندار کیریئر کے دوران مختلف کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

ان کی نمایاں کمانڈ تقرریوں میں کمانڈنگ آفیسر پی این ایس منصف، پی این ایس خیبر اور 25ویں ڈسٹرائر اسکواڈرن کی کمانڈ شامل ہیں۔

محمد فیصل عباسی کی نمایاں اسٹاف تقرریوں میں سینئر اسٹاف آفیسر (آپریشنز)، ڈائریکٹر نیول آپریشنز اور اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف (آپریشنز) شامل ہیں۔

انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں بطور ڈائریکٹنگ اسٹاف فرائض سرانجام دیئے ہیں جبکہ انہیں کراچی میں بطور فلیگ آفیسر سی ٹریننگ کے فرائض سرانجام دینے کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

ریئر ایڈمرل محمد فیصل عباسی کو ستارہِ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں