سکندر سلطان راجا نے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

اپ ڈیٹ 27 جنوری 2020

ای میل

سکندر سلطان راجا 5 سال کے لیے چیف الیکشن کمشنر ہوں گے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
سکندر سلطان راجا 5 سال کے لیے چیف الیکشن کمشنر ہوں گے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے نئے سربراہ سکندر سلطان راجا نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے سکندر سلطان راجا سے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا حلف لیا۔

اس موقع پر ملک کی اہم شخصیات و اراکین الیکشن کمیشن موجود تھے۔

مزید پڑھیں: سکندر سلطان راجا 5 سال کیلئے الیکشن کمیشن کے سربراہ مقرر، نوٹیفکیشن جاری

خیال رہے کہ 24 جنوری کو وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کے سربراہ اور دیگر 2 اراکین کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے مطابق چیف الیکشن کمشنر 5 سال تک اپنے عہدے پر رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آئین پاکستان کے آرٹیکل 48 کے ساتھ 213 اور 215 پر عمل کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سکندر سلطان راجا کو بطور چیف الیکشن کمشنر تعینات کردیا تھا۔

خیال رہے کہ 21 جنوری 2020 کو الیکشن کمیشن کے سربراہ اور اراکین کے تقرر کے معاملے پر طویل ترین ڈیڈلاک اور مختلف مشاورتی اجلاسوں کے بعد بالآخر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق ہوگیا تھا۔

سکندر سلطان راجا کا تعارف

سکندر سلطان راجا یکم دسمبر 1959 کو پنجاب میں پیدا ہوئے اور 4 جون 1987 کو ملازمت شروع کی۔

وہ اپنی سروسز کے دوران مختلف عہدوں پر تعینات رہے اور 22 ویں گریڈ سے کچھ ماہ قبل ہی بطور سیکریٹری ریلوے ریٹائرڈ ہوئے جبکہ وہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے پیٹرولیم سیکریٹری اور چیف سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ ڈائریکٹر جنرل (پاسپورٹس) بھی رہے اس وقت چوہدری نثار علی خان وزیر داخلہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر کیلئے سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق

انہوں نے صوبائی سیکریٹری آف کمیونکیشن اینڈ ورکس، سروسز اور جنرل ایڈمنسٹریشن کے فرائض بھی انجام دیے، اس کے علاوہ وہ مختصر مدت کے لیے پنجاب میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری تعینات ہونے سے قبل بلدیاتی حکومت کے سیکریٹری بھی رہے۔

آپ، سعید مہدی کے داماد ہیں، جو سابق وزیراعظم نواز شریف اور اسلام آباد کے چیف کمشنر عامر احمد علی کے برادر نسبتی کے پرنسپل سیکریٹری رہ چکے ہیں اور آج کل عمران خان کے کافی قریبی سمجھے جاتے ہیں۔

سکندر سلطان راجا کے والد آرمی افسر تھے جبکہ ان کی اہلیہ رباب سکندر پاکستان کسٹمز میں 21 ویں گریڈ کی افسر ہیں۔