جنوبی افریقہ کو ایک اور شکست، سیریز 1-3 سے انگلینڈ کے نام

اپ ڈیٹ 28 جنوری 2020
انگلینڈ نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-3 سے فتح حاصل کر لی— فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-3 سے فتح حاصل کر لی— فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ نے مارک وُڈ کی شاندار باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں 191 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز 1-3 سے اپنے نام کر لی۔

جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ نے زیک کرالی، کپتان جو روٹ اور اولی پوپ کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 400 رنز بنائے، جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرچ نورجے نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پہلی اننگز میں کوئنٹن ڈی کوک کی 76 رنز کی اننگز کے باوجود جنوبی افریقہ کی ٹیم 183رنز پر ڈھیر ہو گئی، انگلینڈ کی جانب سے مارک وُڈ نے پانچ جبکہ کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ نے 217 رنز کی برتری کے باوجود فالو آن نہیں کرایا اور دوسری اننگز میں جو روٹ کی نصف سنچری کے باوجود 248 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جنوبی افریقہ کے بیورن ہینڈرکس نے 5 وکٹیں لیں۔

پہلی اننگز میں بھاری برتری کی بدولت انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو فتح اور سیریز بچانے کے لیے 466 رنز کا مشکل ہدف دیا۔

دوسری اننگز میں وین ڈر ڈوسن کی 98 رنز کی شاندار اننگز کے باوجود جنوبی افریقہ کی ٹیم 274 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور کوئی بھی پروٹیز بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا۔

انگلینڈ نے میچ میں 191 رنز سے فتح کی بدولت سیریز بھی 1-3 سے اپنے نام کر لی۔

دوسری اننگز میں 4 وکٹوں سمیت میچ میں 9 وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر مارک وُڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بہترین آل راؤنڈ کھیل پیش کرنے پر بین اسٹوکس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں