کیا آپ بتاسکتے ہیں کہ آخر فروری میں صرف 28 دن ہی کیوں ہوتے ہیں؟

تو یہ قدیم روم کی مہربانی ہے اور فروری کا مہینہ درحقیقت آغاز میں تھا ہی نہیں۔

جی ہاں واقعی 8 ویں قبل مسیح میں رومن حکومت کا کیلنڈر 10 مہینوں پر مشتمل تھا جس میں سال کا آغاز مارچ جبکہ اختتام دسمبر میں ہوتا تھا، جنوری اور فروری تھے ہی نہیں۔

10 مہینوں کا یہ سال 304 دن پر مشتمل تھا جس میں مارچ 31، اپریل 30، مئی 31، جون 30، جولائی 31، اگست 30، ستمبر 30، اکتوبر 31، نومبر 30 اور دسمبر 30 دنوں پر مشتمل تھے۔

اس زمانے میں سرما ایک بے نام اور بغیر مہینے کا دور ہوتا تھا جس کی کسی کو پروا نہیں تھی (کیونکہ فصلوں کی کاشت ایک خاص وقت میں ہوتی تھی اور اس وجہ سے سردیاں بیکار سمجھی جاتی تھیں)۔

تو ان 61 دنوں میں اگر کسی سے پوچھا جاتا کہ یہ کونسا مہینہ ہے ؟ تو اس کا صحیح جواب یہی ہوتا کہ کوئی نہیں۔

رومن بادشاہ Numa Pompilius کو یہ احمقانہ لگا کہ آخر کیلنڈر میں 61 دن کو کیوں نظر انداز کیا جارہا ہے، تو 713 قبل مسیح میں کیلنڈر میں 12 مہینوں میں تقسیم کردیا ہے جو کہ 355 دن پر مشتمل تھا، جس میں جنوری اور فروری کا اضافہ ہوا، جنہیں آخر میں رکھا گیا، یعنی سال کا آخری مہینہ فروری قرار پایا۔

مگر قدیم روم کا کوئی بھی کیلنڈر توہم پرستی کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا تھا، قدیم روم میں جفت اعداد کو بدقسمتی کی علامت مانا جاتا تھا تو بادشاہ Numa نے ہر مہینے کو طاق اعداد پر مشتمل کرنا چاہا، مگر 355 دن پورے کرنے کے لیے ایک مہینے کو جفت میں رکھنا پڑا۔

اور ایسا فروری کے ساتھ ہوا جس کی ممکنہ وجہ اس کا فہرست میں آخر میں ہونا تھا اور پھر سال کے مہینے کچھ ایسے ہوگئے، مارچ 31، اپریل 29، مئی 31، جون 29، جولائی 31، اگست 29، ستمبر 29، اکتوبر 31، نومبر 29، دسمبر 29، جنوری 29 اور فروری 28 دنوں پر مشتمل تھے۔

355 دنوں کا یہ کیلنڈر مکمل نہیں تھا اور کئی سال بعد سیزن اور مہینے ترتیب سے باہر ہونے لگے تو اسے ٹھیک کرنے کے لیے روم میں 27 دن کا لیپ مہینے کا اضافہ کیا گیا جسے Mercedonius کا نام دیا گیا۔

اس کے لیے فروری کے 4 دن نکال دیئے گئے اور لیپ مہینے کا آغاز 24 فروری کے بعد ہونے لگا، جس سے پھر عندیہ ملتا ہے کہ اس مہینے کی کسی کو پروا نہیں تھی۔

مگر یہ لیپ مہینہ جلد درد سر بن گیا کیونکہ اس میں تسلسل نہیں تھا جس کی وجہ اس زمانے کے مذہبی رہنماﺅں کا اس کا تعین کرنا تھا، یہاں تک کہ جولیس سیزر کے عہد میں رومن عوام کو کوئی اندازہ نہیں ہوتا تھا کہ آج کونسی تاریخ ہے۔

تو سیزر نے لیپ مہینے کو نکال باہر کیا اور کیلنڈر کو پھر نئی شکل دی۔

جولیس سیزر نے کیلنڈر کو سورج سے جوڑ دیا اور چند دنوں کا اضافہ کرکے 365 دنوں کا سال کردیا۔

ایسا کرنے کے بعد فروری کیلنڈر میں دوسرے نمبر پر آگیا مگر اس کے 28 دن برقرار رہے اور جب سے یہ سلسلہ برقرار ہے۔

تو لیپ ڈے کا اضافہ کیوں کیا گیا؟

ہر 4 سال بعد فروری کا مہینہ 29 دنوں کا ہوتا ہے جیسا 2020 میں تھا۔تاہم ایسا کیوں ہوتا ہے اور کب سے ہورہا ہے؟

ہوسکتا ہے بیشتر افراد کو اس کی وجہ معلوم ہو مگر جو نہیں جانتے وہ جان لیں کہ ہر 4 سال بعد فروری کے مہینے میں ایک اضافی دن یا لیپ ڈے کی اصل وجہ کیا ہے۔

درحقیقت زمین کا سورج کے گرد گردش کا دورانیہ 365 دنوں کا نہیں بلکہ چوتھائی دن زیادہ ہے، یعنی کہ 365 دن، پانچ گھنٹے، 49 منٹ اور 12 سیکنڈ۔

اور چونکہ زمین سورج کے گرد گردش کرتی ہے اس لیے موسموں کی تبدیلی کا انحصار بھی زمین اور سورج کے اس گردش کے رشتے پر ہوتا ہے، اس لیے اگر ہر سال 365 دن رکھیں تو ہر سال چوتھائی دن کا فرق پڑنے لگتا ہے اور کیلنڈر موسموں سے دور ہونا شروع ہو جاتا ہے۔

اب چونکہ دنیا بھر میں ایسے گریگوری کیلنڈر کو استعمال کیا جاتا ہے جس میں 365 دن ہے تو اس فرق کو دور کرنے کے لیے لیپ سیکنڈز اور لیپ سال کے ذریعے گھڑیوں اور کیلنڈر میں زمین اور موسموں سے مطابقت پیدا کی جاتی ہے۔

تقریباً 45 قبل مسیح میں روم کے بادشاہ جولیس سیزر نے کلینڈروں کی اصلاحات کے لیے ایک کمیشن قائم کیا جس نے فیصلہ کیا کہ ہر چار سال میں سے ایک سال 366 دنوں کا کیا جائے۔

جولیس سیزر کی موت کے بعد ہر چار سال کے بعد ایک دن کا اضافہ کرنے کے بجائے یہ اضافہ ہر تین سال کے بعد کیا جانے لگا اس طرح ایک مرتبہ پھر رومن کیلنڈر موسموں سے آگے بھاگنے لگا۔

یہ مسئلہ جولیس سیزر کے بعد آنے والے اصلاح پسند بادشاہ آگسٹس سیزر نے 8 قبلِ مسیح میں حل کرنے کی کوشش کی اور اس طرح یہ سلسلہ 16 ویں صدی تک چلتا رہا۔

16 ویں صدی میں پاپ گریگوری نے کلینڈر میں تبدیلی کر کے یہ مسئلہ بھی حل کرنے کی کوشش کی اور ایک کمیشن قائم کیا جس میں یہ طے پایا کہ ہر 400 سال میں 100 لیپ ائیر ہونے کے بجائے 97 لیپ ائیر ہوں گے۔

اگر آپ کی پیدائش 29 فروری کی ہو؟

جو لوگ 29 فروری کو پیدا ہوتے ہیں انہیں اپنی سالگرہ منانے کے لیے 28 فروری یا یکم مارچ کا انتخاب کرنا پڑتا ہے جبکہ کچھ 29 فروری پر ہی برقرار رہتے ہیں۔

کچھ حلقوں کے خیال میں 28 اور 29 فروری کی درمیانی شب کے بعد پیدا ہونے والوں کو اپنی سالگرہ 28 فروری کو منانی چاہئے جبکہ جو لوگ 29 فروری اور یکم مارچ کی درمیانی شب سے کچھ پہلے پیدا ہوئے وہ یکم مارچ کو ہی اپنا یوم پیدائش مان لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں