وزیراعظم عمران خان ملائیشیا کے 2 روزہ دورے پر آج کوالالمپور روانہ ہوں گے

اپ ڈیٹ 03 فروری 2020
اس سے قبل وزیر اعظم 21-20 نومبر 2018 کو ملائیشیا کا دورہ کرچکے ہیں۔فائل فوٹو: اے ایف پی
اس سے قبل وزیر اعظم 21-20 نومبر 2018 کو ملائیشیا کا دورہ کرچکے ہیں۔فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیر اعظم عمران خان ملائیشین ہم منصب مہاتیرمحمد کی دعوت پر آج 2 دن کے دورے پر کوالالمپور روانہ ہوں گے۔

وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کے وفد میں کابینہ کے اراکین سمیت دیگر عہدیداران بھی شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہیں کریں گے، ملائیشیا کی تصدیق

بیان کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے اعظم دوبدو ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

علاوہ ازیں دونوں ممالک کے وزراعظم کی موجودگی میں وفود کی سطح پر اہم معاہدے اور مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق وزرا اعظم عمران خان اور مہاتیر محمد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان اپنے دورے میں ملائشیا کے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز (آئی ایس آئی ایس) کے زیر اہتمام تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کا یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین مضبوط تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید تقویت دینے کے تناظر میں مشترکہ عزم کی علامت ہے۔

واضح رہے کہ اگست 2018 میں وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا ملائیشیا کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے دورہ ملائیشیا کا فیصلہ قومی مفاد کے مطابق کیا جائے گا، معاون خصوصی

اس سے قبل وزیر اعظم 20 اور21 نومبر 2018 کو ملائیشیا کا دورہ کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم مہاتیر محمد نے21 مارچ سے 23 مارچ 2019 تک پاکستان کا دورہ کیا تھا اور یوم پاکستان پریڈ میں مہمان خصوصی تھے۔

دونوں وزرائے اعظم نے ستمبر 2019 میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران بھی ملاقات کی تھی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا پاکستان اور ملائیشیا عقیدے اور ثقافت کے اعتبار سے قریبی اور دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں اور اس میں باہمی اعتماد اور مفاہمت کے خواہش مند ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم عمران خان مختلف ملاقاتوں کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی امن وسلامتی کے حوالے سے پاکستان کے مثبت کردار پر بھی بات کریں گے۔

علاوہ ازیں عمران خان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت کے جارحانہ رویے کی وجہ سے علاقائی امن وسلامتی کو درپیش خطرات سے متعلق بھی گفتگو کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں