تھیم کو شکست، جوکووچ 8ویں مرتبہ آسٹریلین اوپن چیمپیئن بن گئے

02 فروری 2020
ڈومینیک تھیم اور آسٹریلین اوپن چیمپیئن نوواک جوکووچ اپنی اپنی ٹرافیوں کے ہمراہ— فوٹو: رائٹرز
ڈومینیک تھیم اور آسٹریلین اوپن چیمپیئن نوواک جوکووچ اپنی اپنی ٹرافیوں کے ہمراہ— فوٹو: رائٹرز

عالمی نمبر دو اور سربیا کے ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے آسٹریا کے ڈومینک تھیم کو شکست دے کر 8واں آسٹریلین اوپن اور کیریئر کا 17واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا۔

میلبرن کے روڈ لیور ارینا میں کھیلے گئے سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے مردوں کے سنگل مقابلے میں سربیا کے نوواک جوکووچ اور آسٹریا کے ڈومینک تھیم مدمقابل تھے۔

پہلے سیٹ میں جوکووچ نے بہترین کھیل کا مظاہرہر کرتے ہوئے تھیم کو 4-6 سے مات دے کر ایک سیٹ کی برتری حاصل کر لی۔

تاہم اس کے بعد آسٹریا کے ڈومینک تھیم نے شاندار انداز میں میچ میں واپسی کی اور مسلسل دو سیٹ 4-6 اور 2-6 سے جیت کر میچ میں برتری حاصل کر لی۔

اس دوران سربین کھلاڑی کو انجری کی بھی شکایت ہوئی جس کے سبب انہیں ٹرینر کی مدد لینا پڑی۔

میچ کے چوتھے سیٹ میں جوکووچ نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے بہترین انداز میں کم بیک کیا اور 3-6 سے چوتھا سیٹ جیت کر مقابلے 2-2 سیٹ سے برابر کردیا۔

جوکووچ نے 8ویں مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتا— فوٹو: اے پی
جوکووچ نے 8ویں مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتا— فوٹو: اے پی

فیصلہ کن سیٹ میں تھیم نے شاندار کھیل پیش کیا لیکن اس مرحلے پر وہ جوکووچ کے تجربے سے مات کھا گئے اور سربیا کے اسٹار نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیٹ 4-6 سے جیت کر 8ویں مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

جوکووچ اس سے قبل 2008، 2011، 2012، 2013، 2015، 2016 اور 2019 میں بھی سال کا پہلا گرینڈ سلیم جیت چکے ہیں۔

اس فتح کے ساتھ ساتھ جوکووچ نے مجموعی طور پر کیریئر کا 17واں گرینڈ سلیم حاصل کر لیا جہاں وہ 5 ومبلڈن، 3 یو ایس اوپن اور ایک فرنچ اوپن ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں۔

ڈومینک تھیم کو کیریئر میں تیسری مرتبہ گرینڈ سلیم کے فائنل میں شکست ہوئی ہے، وہ اس سے قبل 2018 اور 2019 کے فرنچ اوپن میں رافیل نڈال کے ہاتھوں ناکامی سے دوچار ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں