اداکارہ ایمبر ہرڈ کا سابق شوہر پر تشدد کرنے کا اعتراف

اپ ڈیٹ 03 فروری 2020
دونوں نے 2015 میں شادی کی تھی — فوٹو: ٹوئٹر
دونوں نے 2015 میں شادی کی تھی — فوٹو: ٹوئٹر

ہولی وڈ اداکارہ ایمبر ہرڈ نے ایک آڈیو پیغام میں اپنے سابق شوہر اداکارہ جونی ڈیپ پر تشدد کرنے کا اعتراف کرلیا۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ویب سائٹ کو اداکارہ کا ایک آڈیو پیغام موصول ہوا، جس میں اداکارہ ایمبر ہرڈ، جونی ڈیپ پر تشدد کے اعتراف کے ساتھ ساتھ انہیں دھمکی بھی دے رہی ہیں۔

33 سالہ ایمبر ہرڈ نے اس آڈیو پیغام میں بتایا کہ انہوں نے سابق شوہر پر متعدد بار برتنوں اور گلدانوں سے حملہ کیا۔

مزید پڑھیں: ہولی وڈ اداکار جونی ڈیپ پر بیوی پر تشدد کا الزام

تاہم ایک موقع پر اداکارہ نے اعتراف کرتے ہوئے جونی ڈیپ سے معافی بھی مانگی۔

آڈیو پیغام میں اداکارہ نے سابق شوہر پر تشدد کرنے کا اعتراف کیا جبکہ یہ بھی کہتی سنائی دیں کہ 'میں نے تمہارے منہ پر تھپڑ نہیں مارا، میں تمہیں مُکا بھی نہیں مار رہی تھی، میں تو بس دھکا دے رہی تھی'۔

اس آڈیو پیغام میں ایمبر ہرڈ نے 56 سالہ جونی ڈیپ کو دھمکی بھی دی اور کہا کہ 'تم نے ایک جانور کو چھیڑا ہے اور یہ ٹھیک نہیں'۔

دونوں نے 2015 میں شادی کی تھی — اے ایف پی
دونوں نے 2015 میں شادی کی تھی — اے ایف پی

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ایمبر ہرڈ کا یہ آڈیو پیغام جونی ڈیپ سے ہوئے ایک جھگڑے کے بعد کی ریکارڈنگ ہے۔

خیال رہے کہ ایمبر ہرڈ نے جونی ڈیپ پر گھریلو تشدد کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد ان دونوں کی 2016 میں طلاق ہوگئی تھی۔

اُس وقت ایمبر ہرڈ نے طلاق کا مطالبہ کرتے ہوئے جونی ڈیپ پر الزام لگایا تھا کہ وہ شادی کے بعد سے ان پر تشدد کررہے ہیں، جس کے بعد جونی ڈیپ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ایمبر ہرڈ کے خلاف مقدمہ دائر کردیا تھا۔

اس مقدمے میں جونی ڈیپ نے ایمبر ہرڈ پر الزام لگایا کہ ایمبر نے انہیں منہ پر مُکا مارا تھا جبکہ ان کی انگلی بھی کاٹ دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جونی ڈیپ نے سابق اہلیہ امبر ہیرڈ کے الزامات سے متعلق خاموشی توڑدی

جونی ڈیپ نے اپنی تصاویر بھی شیئر کی تھی جس میں ان کا منہ سوجا ہوا تھا جبکہ انگلی بھی زخمی تھی۔

فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

جس کے بعد گزشتہ سال سوشل میڈیا پر وائرل نئی تصاوہر اور شواہد میں سامنے آیا تھا کہ ایمبر ہرڈ نے جونی ڈیپ پر جھوٹا الزام عائد کیا تھا، جبکہ انہوں نے جونی ڈیپ پر تشدد بھی کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ایمبر ہرڈ نے عدالت میں گواہی دیتے ہوئے قبول کیا کہ انہوں نے جونی ڈیپ پر تشدد کیا تھا جبکہ ان پر جھوٹا الزام بھی لگایا۔

تبصرے (0) بند ہیں