پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

اپ ڈیٹ 06 فروری 2020
بھارت کے خلاف مظاہرے میں کشمیر کے جھنڈے لہرائے گئے — فوٹو: اے ایف پی
بھارت کے خلاف مظاہرے میں کشمیر کے جھنڈے لہرائے گئے — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیریوں سے یک جہتی کے لیے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا۔

اس دن کو منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستانی کی شہ رگ ہے۔

ہر سال 5 فروری کو یوم یک جہتی کشمیر منایا جاتا ہے تاہم رواں سال اس کی اہمیت بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور لاک ڈاؤن کے نفاذ کی وجہ سے بڑھ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: 5 اگست 2019 سے 5 فروری 2020 تک مقبوضہ کشمیر کی آپ بیتی

واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو اپنے آئین کے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو اس کی خصوصی حیثیت سے محروم کردیا تھا جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو تقسیم کرتے ہوئے اسے 2 وفاقی اکائیوں میں تبدیل کردیا تھا جس کا اطلاق گزشتہ سال 31 اکتوبر سے ہوگیا تھا۔

کراچی میں کشمیر سے اظہار یکجہتی میں شمع روشن کی گئیں — فوٹو: اے پی
کراچی میں کشمیر سے اظہار یکجہتی میں شمع روشن کی گئیں — فوٹو: اے پی

ساتھ ہی بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے مکمل لاک ڈاؤن کردیا تھا جو 5 اگست سے اب تک جاری ہے جبکہ وہاں کے عوام کو مواصلاتی نظام کی بندش کا بھی سامنا ہے جس کی وجہ سے معاشی بحران پیدا ہوگیا ہے اور شہری اپنے اہلخانہ سے رابطہ قائم کرنے سے محروم ہوگئے ہیں، تاہم گزشتہ ماہ خطے میں محدود موبائل ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروس کو عارضی طور پر بحال کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود عوام کو مشکلات ہیں۔

آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان بھر میں عام تعطیل ہے جبکہ اس دن کی مناسبت سے پاکستان پوسٹ نے یادگاری ٹکٹ بھی جاری کیا۔

اس کے علاوہ یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کو جوڑنے والے کوہالا، منگلا، ہولار اور آزاد پتن کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی جبکہ وفاقی دارالحکومت میں ڈی چوک پر بھی شہریوں نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مختلف حصوں میں ریلیوں، جلسوں، سیمینارز اور دیگر تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج بھی کیا جارہا ہے۔

بھارتی اقدام سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی—فائل فوٹو:ٹوئٹر
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی—فائل فوٹو:ٹوئٹر

ادھر یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 'ظلم کے خلاف ہمت، جبر کے خلاف قربانی کشمیری عوام کی امید کی جنگ ہے لیکن ان سب کا سامنا کرنے کے باوجود کشمیری عوام نے خود کو کبھی بھارت کے آگے جھکنے نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 5 اگست کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدام کے ذریعے بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی براہ راست خلاف ورزی کی ہے۔

کشمیریوں کو ان ہی کی زمین پر قید کردیا گیا ہے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان—فائل فوٹو: انسٹاگرام
وزیراعظم عمران خان—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اس دن کی مناسبت سے وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے 9 لاکھ فوج کی تعیناتی کے ذریعے 80 لاکھ کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر قیدیوں میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بھارت دنیا کے سامنے انتہا پسند ہندوانہ بالادستی پر عملدرآمد کرنے والے ملک کے طور پر بے نقاب ہوگیا ہے جس نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق اور آزادی کو سلب کر رکھا ہے'۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں فوجی محاصرہ ختم کرنے اورمواصلاتی بندش فوری طور پر ہٹانے اور بھارت کے غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کشمیری عوام کو عالمی برادی کی مزید حمایت درکار ہے، وزیر خارجہ

دوسری جانب ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی برادری کو آزمائش اور تکالیف کی اس گھڑی میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی حمایت کے لیے مزید کردار ادا کرنا چاہیے۔

—فائل فوٹو:فیس بک
—فائل فوٹو:فیس بک

انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کلاک پر ہر گزرتا ہوا سیکنڈ عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر جلد بنے گا بھارت کا افغانستان!

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کوکشمیریوں کی آزادی اوربنیادی انسانی حقوق کی حمایت کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے حقائق معلوم کرنے والے مشن کومقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت دے تاکہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں معلوم کی جاسکیں۔

کشمیری خود کو تنہا نہ سمجھیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر

5 فروری کے موقع پر آزاد جموں کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے لوگ کسی صورت اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں کیونکہ پاکستان، ریاست جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں اور وہ وقت آنے والا ہے کہ آزاد فضاؤں میں حق کی فتح کا جشن منائیں گے۔

آئی ایس پی آر کا خصوصی نغمہ

علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی نغمہ بھی جاری کیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے نغمے میں ساحر علی بگا نے اپنی آواز کا جادو جگایا جبکہ اس نغمے کے بول ہیں 'کشمیر ہوں میں شہہ رگ پاکستان کی'۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی تھی جس میں بھارت سے جموں و کشمیر کے الحاق کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ سینیٹ نے بھی متفقہ طور پر قرار دار منظور کی تھی جس میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدو جہد اور حق خود ارادیت کی حمایت کرنے کا کہا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں