پی ایس ایل 5 کیلئے متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب

اپ ڈیٹ 08 فروری 2020
پی ایس ایل 5 کا آغاز 20 فروری سے ہورہا ہے 
— فائل فوٹو: ٹوئٹر
پی ایس ایل 5 کا آغاز 20 فروری سے ہورہا ہے — فائل فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کے متبادل ڈرافٹ کے دوران 8 نئے کھلاڑیوں کو منتخب کرلیا گیا۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) سے جاری اعلامیے کے مطابق کراچی کنگر نے دونوں کھلاڑیوں کو پورے ایڈیشن کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا جبکہ پشاور زلمی نے ایک کھلاڑی کو مکمل ایڈیشن اور دوسرے کو جز وقتی طور پر منتخب کیا۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے مکمل ایڈیشن کے لیے ایک، ایک جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز نے مقررہ وقت کے لیے ایک، ایک متبادل کھلاڑی منتخب کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ 2020 کا شیڈول جاری، افتتاحی میچ کراچی میں ہوگا

پی ایس ایل 2020 کے لیے ری پلیسمنٹ ڈارفٹ کے طریقہ کار کا تعین منتخب کیے گئے کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے کیا گیا۔

کراچی کنگز کے لیام پلنکٹ (گولڈ سپلیمینٹری کٹیگری) انجری کی وجہ سے پی ایس ایل کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر اور گولڈ کٹیگری میں شامل مچل میکلینگن پورے ایڈیشن کے لیے شامل ہوں گے، مچل میکلینگن ماضی میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

ان کے علاوہ کراچی کنگز میں سلور کٹیگری کے کھلاڑی ڈین لارنس کی جگہ پورے ایڈیشن میں اسی کٹیگری کے چیڈوک والٹن کو شامل کرلیا گیا جبکہ اس سے قبل انہوں نے 2018 اور 2019 کے ایڈیشنز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی تھی۔

پشاور زلمی نے اپنے اسکواڈ میں پورے ایڈیشن کے لیے سلور کٹیگری میں شامل جنوبی افریقہ کے ڈوائن پریٹوریئس کی جگہ انگلینڈ کے لوئس گریگری (سلور) کو شامل کیا ہے کیونکہ ڈوائن پریٹوریئس نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے پی ایس ایل میں شرکت نہیں کریں گے۔

اسی طرح 7 مارچ تک ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان سیریز کی وجہ سے (پلیٹینیم کٹیگری) کے کھلاڑی کیرون پولارڈ بھی دستیاب نہیں ہوں گے لہٰذا جز وقتی طور پر ان کی جگہ ٹیم میں ڈائمنڈ کٹیگری کے کھلاڑی کارلوس بریتھ ویٹ کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے گزشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرزز کی نمائندگی کی تھی۔

علاوہ ازیں سلور کٹیگری میں شامل ویسٹ انڈیز کے فابیئن ایلن بھی اسی وجہ سے ٹورنامنٹ کے وسط میں ملتان سلطانز کے ساتھ کھیلیں گے اس وقت تک ان کی جگہ سلور کٹیگری کے وائن مڈسن ملتان سلطانز کا حصہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ کے ڈرافٹ مکمل، جیسن رائے، ہیلز اور معین علی منتخب

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے لینڈل سمنز نجی وجوہات کے باعث پی ایس ایل میں شرکت نہیں کریں گے اور اب ان کی جگہ گولڈ کٹیگری میں شامل جنوبی افریقہ کے ڈین ولاز پورے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کا حصہ ہوں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے وان دیر دوسن (گولڈ، سپلیمنٹری) نیشنل ڈیوٹی کے باعث پی ایس ایل کے لیے دستیاب نہیں ان کی جگہ انگلینڈ کے بلے باز اور سلور کٹیگری میں شامل ڈیوڈ ملان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، انہوں نے گزشتہ 4 ایڈیشنز میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیمو پاؤل (سلور، سپلیمنٹری کٹیگری) کی جگہ 7 مارچ تک جنوبی پنجاب کے لیگ اسپنر سلور کٹیگری میں شامل زاہد محمود کو جزوی طور پر اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 5ویں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا اور یہ 22 مارچ تک جاری رہے گا جبکہ اس کے تمام 34 میچز پاکستان کے 4 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں