میں مختصر لباس پہننے والی خواتین کو پسند نہیں کرتی، اداکارہ سنگیتا

اپ ڈیٹ 11 فروری 2020
اداکارہ سنگیتا، فریحہ جبین کے ہمراہ ایک شو کا حصہ بنیں — فوٹو: فیس بک
اداکارہ سنگیتا، فریحہ جبین کے ہمراہ ایک شو کا حصہ بنیں — فوٹو: فیس بک

لولی وڈ کی معروف اداکارہ سنگیتا حال ہی میں ایک پروگرام کا حصہ بنیں جہاں ان کے ہمراہ اداکارہ فریحہ جبین اور ان کی چھوٹی بہن حنا رضوی بھی جلوہ گر ہوئیں۔

نجی ٹی وی چینل بول انٹرٹینمنٹ کے پروگرام 'بول نائٹس ود احسن خان' میں انٹرویو کے دوران اداکارہ سنگیتا نے حال ہی میں ہونے والے ایوارڈ شوز میں پاکستانی اداکاراؤں کے انداز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انٹرویو کے آغاز میں احسن خان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ ان کی خوبصورتی کا کیا راز ہے جس پر سنگیتا کا کہنا تھا کہ 'کسی سے جلو مت، اپنے اندر رہو اور ہر بات ہنس کے سہو'۔

اس موقع پر احسن خان نے اداکارہ سنگیتا کا مداحوں سے یہ کہہ کر تعارف کروایا کہ انہوں نے اکیلے 4 بیٹیوں کی بہترین تربیت کی، انہیں نہ صرف اچھی تعلیم دی بلکہ اچھے گھروں میں ان کی شادی بھی کی۔

دوران گفتگو اداکارہ سنگیتا نے بتایا کہ وہ فلم انڈسٹری میں 12 سال کی عمر سے کام کررہی ہیں، انہوں نے فلم 'کنگن' کے ساتھ سینما انڈسٹری میں ڈیبیو (یعنی اپنے کام کا آغاز) کیا۔

اداکارہ سنگیتا کا کہنا تھا کہ 'میں اس فلم کی ہیروئن تھی لیکن میں کچھ بھی نہیں جانتی تھی، میرے والدین مجھے اس انڈسٹری میں لائے اور اس کے بعد کچھ بھی حیران کن نہیں رہا'۔

خیال رہے کہ سنگیتا اپنے کیریئر میں اداکاری، پروڈکشن اور ہدایت کاری بھی کرچکی ہیں۔

ایک موقع پر احسن خان نے سوال کیا کہ انہوں نے سنا تھا کہ ڈائیریکشن کے دوران سنگیتا نے سیٹ پر دیر سے آنے پر کسی اداکارہ کو تھپڑ بھی مارا؟

اس پر اداکارہ نے انکشاف کیا کہ 'ایک کو نہیں دو تین کو مارا ہے، میری ایک ہی کمزوری ہے میں یہ برداشت نہیں کرسکتی کہ کوئی دیر سے آئے'۔

گفتگو کے دوران احسن خان نے سنگیتا سے سوال کیا کہ کیا اداکاراؤں کے لیے ضروری ہے کہ وہ کردار حاصل کرنے کے لیے نامناسب ملبوسات پہنے؟

اس پر سنگیتا نے بتایا کہ کسی بھی کردار کو حاصل کرنے کے لیے واحد چیز اداکاری ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارے دور میں کاسٹیوم ڈیزائنر ملبوسات تیار کرتے تھے، آج کل ہر کسی کے ملبوسات ایک ہی انداز سے بن جاتے ہیں اور مجھے سب سے زیادہ غصہ ایوارڈ شوز میں اداکاراؤں کے ملبوسات دیکھ کر آتا ہے اور مجھے سمجھ نہیں آتا کہ یہ ہولی وڈ کی نقل کیوں کررہی ہیں'۔

سنگیتا کا کہنا تھا کہ اداکاراؤں کو اپنی ثقافت کی نمائندگی کرنی چاہیے، انہیں چاہیے کہ وہ ایوارڈ شوز میں چوڑیدار پاجامہ، پشواز اور دوپٹے پہنیں۔

انہوں نے کہا کہ اداکارائیں ایوارڈ شوز میں ایسے ملبوسات پہن کر آتی ہیں جن میں ان کی ٹانگیں اور کمر نظر آتی ہیں، میری نظر میں یہ نامناسب ہے۔

اداکارہ کے مطابق 'اداکارائیں ایسا لباس پہنتی ہیں جس میں ان کی ایک ٹانگ نظر آئے جبکہ کمر کی نمائش بھی کی جارہی ہوتی ہے، میں ایسی خواتین کی تعریف نہیں کرسکتی جو مختصر ملبوسات میں ایونٹ کا حصہ بنیں، آپ اپنی ثقافت کو خود چھوڑ رہی ہیں، اس طرح آگے نہیں بڑھا جاتا'۔

سنگیتا کے مطابق اداکارہ سجل علی، عائزہ خان، حرا مانی اور صبا قمر ان کی پسندیدہ اداکارائیں ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں