سام سنگ نے اپنے 2 سستے فلیگ شپ فونز گلیکسی ایس 10 لائٹ اور نوٹ 10 لائٹ پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کردیئے ہیں۔

سام سنگ نے اپنے 2019 کے مقبول فلیگ شپ فونز کے بجٹ ورژنز کو جنوری میں متعارف کرایا تھا اور ان میں وہ پریمیئم فیچرز مناسب قیمت میں دینے کا وعدہ کیا تھا۔

دونوں فونز میں 6.7 انچ سپرامولیڈ انفٹنی او ڈسپلے دیا گیا ہے جن میں فرنٹ کیمرا درمیان میں ہول پنچ ڈیزائن کے ساتھ ہے۔

4500 ایم اے ایچ بیٹری، 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج (ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے) جیسے فیچرز دونوں فونز میں دیئے گئے ہیں مگر اس سے ہٹ کر دیگر فیچرز یا ہارڈوئیر مختلف ہیں۔

گلیکسی ایس 10 لائٹ میں اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ نوٹ 10 لائٹ میں کمپنی کے اپنے ایکسینوس 9810 پراسیسر کو استعمال کیا گیا ہے۔

دونوں فونز کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے مگر دونوں کا یہ سیٹ اپ مختلف ہے۔

ایس 10 لائٹ میں 48 میگا پکسل وائیڈ اینگل کیمرا سپر اسٹیڈی او آئی ایس کے ساتھ دیا گیا ہے، یہ فیچر نوٹ 10 لائٹ میں نہیں، اس کے علاوہ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا 123 ڈگری لینس کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ تیسرا کیمرا 5 میگا پکسل میکرو لینس ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

گلیکسی نوٹ 10 لائٹ میں کیمرا سسٹم بالکل مختلف ہے، اس میں 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا، 12 میگا پکسل وائیڈ اینگل کیمرا اور 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا دیا گیا ہے۔

اور ہاں نوٹ 10 لائٹ میں ایس پین دیا گیا ہے جو کہ ایس 10 لائٹ میں موجود نہیں۔

ایس پین میں 2018 کے نوٹ 9 میں دی گئی بلیوٹوتھ لو انرجی سپورٹ موجود ہے جو اسے فون کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

گلیکسی ایس 10 لائٹ کی قیمت ایک لاکھ 9 ہزار 999 روپے جبکہ نوٹ 10 لائٹ کی 99 ہزار 999 روپے رکھی گئی ہے اور یہ دونوں 3 مختلف رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ یہ دونوں فونز اس وقت پاکستان میں پیش کیے گئے جب 11 فروری کو یہ کمپنی اپنے نئے فلیگ شپ گلیکسی ایس 20 سیریز کے 3 اور فولڈ ایبل فون گلیکسی زی فلپ کو متعارف کرارہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں