گلوکارہ صنم ماروی کے الزامات، شوہر نے مسترد کردیے

اپ ڈیٹ 13 فروری 2020
حامد خان صنم ماروی کے کزن بھی ہیں — فوٹو: انسٹاگرام
حامد خان صنم ماروی کے کزن بھی ہیں — فوٹو: انسٹاگرام

معروف لوک گلوکارہ صنم ماروی کے شوہر حامد خان نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی فیملی کورٹ میں اہلیہ کی جانب سے لگائے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔

صنم ماروی نے گزشتہ ہفتے 7 فروری کو اپنے شوہر حامد خان سے خلع کے لیے لاہور کی فیملی کورٹ میں اپنے وکیل کے توسط سے درخواست دائر کی تھی۔

گلوکارہ نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ شوہر ان پر تشدد کرنے سمیت ان کے خلاف نازیبا زبان بھی استعمال کرتے ہیں اور وہ شوہر کے ایسے رویے کو برداشت کرکے تھک گئی ہیں۔

جس پر اب حامد خان نے عدالت میں سات صفحات پر مشتمل اپنا جواب جمع کروا دیا۔

صنم ماروی نے 2010 کے بعد حامد خان سے شادی کی — فوٹو: انسٹاگرام
صنم ماروی نے 2010 کے بعد حامد خان سے شادی کی — فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے اپنے جواب میں اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات مسترد کردیے۔

حامد خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صنم ماروی سے کبھی بدتمیزی نہیں کی اور نہ ہی کبھی انہیں گالی دی ہے۔

اپنے جواب میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اہلیہ اور بچوں کو باقاعدگی سے خرچ ادا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صنم ماروی سے ان کی پوری فیملی محبت کرتی ہے۔

حامد خان نے عدالت سے درخواست کی کے ان کی اہلیہ کی خلع کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔

بعد ازاں فیملی کورٹ نے گلوکارہ صنم ماروی اور ان کے شوہر حامد خان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ صنم ماروی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ان دونوں کی شادی مکمل اسلامی روایات کے مطابق ہوئی اور جوڑے کے 3 بچے بھی ہیں جن کی وجہ سے گلوکارہ شوہر کا تشدد برداشت کرتی رہیں۔

صنم ماروی نے عدالت میں کہا تھا کہ وہ شوہر کا مزید تشدد اور نازیبا زبان برداشت نہیں کر سکتیں، اس لیے عدالت ان کے خلع کی ڈگری جاری کرے۔

خیال رہے کہ صنم ماروی کی یہ دوسری شادی ہے، ان کے پہلے شوہر آفتاب احمد کو 2009 میں سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قتل کردیا گیا تھا۔

تاہم بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صنم ماروی کے شوہر کے پڑوس میں رہنے والی ایک ماڈل سے تعلقات ہیں جس وجہ سے گلوکارہ اور ان کے شوہر کے درمیان تنازعات ہونا معمول بن چکا ہے۔

صنم ماروی کا شمار پاکستان کی بہترین گلوکاراؤں میں کیا جاتا ہے — فوٹو: انسٹاگرام
صنم ماروی کا شمار پاکستان کی بہترین گلوکاراؤں میں کیا جاتا ہے — فوٹو: انسٹاگرام

ان کے پہلے شوہر کو ایک ایسے وقت میں قتل کیا گیا تھا جب وہ پہلے بچے کی امید سے تھیں۔

صنم ماروی نے محض 18 سال کی عمر میں پہلی شادی کی تھی اور پہلے شوہر کے قتل کے چند سال بعد انہوں نے دوسری شادی، حامد سے کی، جو ان کے کزن بھی ہیں۔

صنم ماروی نے سب سے زیادہ شہرت کوک اسٹوڈیو سیزن 4 سے ملی تھی جس کے بعد انہوں نے ٹی وی اور ریڈیو سمیت لائیو پرفارمنس میں بھی اپنا نام بنایا۔

صنم ماروی نے گلوکاری کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) لاہور سے دوسری شادی کے بعد کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں