پہلا ’ہم ویمن لیڈرز ایوارڈ‘ 19 فروری کو ہوگا

اپ ڈیٹ 21 فروری 2020
پہلے ہم ویمن ایوارڈ کی تقریب سندھ گورنر ہاؤس میں ہوگی —فوٹو: وائیٹ اسٹار
پہلے ہم ویمن ایوارڈ کی تقریب سندھ گورنر ہاؤس میں ہوگی —فوٹو: وائیٹ اسٹار

شوبز اور فیشن ایوارڈ منعقد کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنی ’لکس‘ اور نجی ٹی وی چینل ’ہم ٹی وی‘ نے دیگر اداروں کے اشتراک سے آئندہ ہفتے پہلا ’ہم ویمن لیڈرز ایوارڈ‘ منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

ڈان اخبار کے مطابق ’ہم ویمن لیڈرز ایوارڈ‘ کی دو روزہ تقریب آئندہ ہفتے 18 فروری سے سندھ گورنر ہاؤس کراچی میں شروع ہوگی جو 19 فروری تک جاری رہے گی۔

ایوارڈ تقریب کے آخری روز ملکی و غیر ملکی خواتین کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستان میں کسی بھی ایوارڈ کو صرف خواتین کے لیے مخصوص کیا جائے گا اور تقریب میں عالمی سطح پر نمایاں خدمات سر انجام دینے والی خواتین کو ایوارڈز دیے جائیں گے۔

ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی نے ایوارڈ کی ایڈوائزری کمیٹی کے دیگر ارکان کے ساتھ پریس کانفرس کے دوران بتایا تھا کہ پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کی خواتین کو بھی ’ہم ویمن لیڈرز ایوارڈ‘ میں ایوارڈز دیے جائیں گے۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ ایوارڈز تقریب سے پاکستان کی نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر ہوں گے اور وہ دیگر خواتین کی کہانیاں سن کر آگے بڑھیں گی۔

ایونٹ کے منتظمین نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ ایوارڈز تقریب میں کتنی خواتین کو کن کن کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے جائیں گے تاہم بتایا گیا کہ ملکی و غیر ملکی خواتین کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

منتظمین نے یہ عندیہ بھی دیا کہ آگے چل کر ایوارڈز تقریب کو بیرون ملک بھی منعقد کیا جائے گا تاہم پہلے ہم ویمن لیڈرز ایوارڈ کی تقریب سندھ گورنر ہاؤس میں ہو گی اور صدر مملکت عارف علوی صاحب اس کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں