’الہ دین‘ کی کامیابی کے بعد اب سیکوئل پر کام کا آغاز

اپ ڈیٹ 14 فروری 2020
دنیا بھر میں فلم الہ دین کامیاب ثابت ہوئی تھی — فوٹو: پرومو
دنیا بھر میں فلم الہ دین کامیاب ثابت ہوئی تھی — فوٹو: پرومو

دنیا بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی فلم 'الہ دین' سے متعلق خبریں زیرگردش ہیں کہ اس فلم کے سیکوئل پر کام کیا جارہا ہے۔

امریکی جریدے ورائٹی کی رپورٹ کے مطابق فلم الہ دین کے پروڈیوسرز اس کی شاندار کامیابی کے بعد اس کے سیکوئل پر کام کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'الہ دین' شائقین کے ساتھ ساتھ باکس آفس پر بھی چھا گئی

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پروڈیوسرز ڈین لن اور جوناتھن ایرچ اس نئی فلم پر دوبارہ کام کررہے ہیں اور انہیں اُمید ہے کہ وہ الہ دین کی ہدایات دینے والے ڈائریکٹر گائے ریچی کو اس کے سیکوئل کے لیے بھی واپس لے آئیں گے۔

خیال رہے کہ 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ’الہ دین‘ کا مرکزی کردار کینیڈین اداکار مینا مسعود نے ادا کیا، برطانوی اداکارہ ناومی اسکاٹ فلم میں 'جاسمین' بنیں جبکہ جینی کا کامیاب کردار ول اسمتھ نے نبھایا۔

اس فلم کے سیکوئل میں بھی پروڈیوسرز ان ہی تینوں کرداروں کو دوبارہ کاسٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں البتہ فلم کا اسکرپٹ مکمل ہونے کے بعد ہی ان تینوں اداکاروں کو فلم میں کاسٹ کرنے کی آفر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گائے ریچی کی ہدایات میں بننے والی فلم 'الہ دین' 1992 میں ریلیز ہوئی کارٹون فلم الہ دین کا لائیو ایکشن ریمیک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’الہ دین‘ کے نئے ٹیزر میں جنی کے کردار کی دھوم

کارٹون فلم 'الہ دین' نے اپنی ریلیز کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں 76 ارب پاکستانی روپے سے زائد کمائے اور یہ فلم آج بھی بچوں اور بڑوں دونوں کے درمیان نہایت مقبول ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں