اچانک غصہ آجانا اور کچھ سیکنڈ میں ہی غصہ ٹھنڈا ہو جانا، بے وجہ کسی پر چلّانا اور اپنی بھڑاس کسی اور پر نکال دینا، لیکن بعد میں پچھتانا۔ یہ علامتیں ظاہر کرتی ہیں کہ آپ ذہنی دباؤ میں مبتلا ہیں۔

یہاں ہم آپ کے سامنے سات ایسے آسان طریقے پیش کررہے ہیں، جنہیں اپناكر آپ اپنا ذہنی دباؤ کم کرسکتے ہیں اور غصے پر قابو پاسکتے ہیں۔

لوگوں کی مدد کریں

اپنے کسی ایثار سے دوسروں کے چہرے پر خوشی دیکھنا، دنیا کا سب سے انمول احساس ہے۔ کسی غریب کو اپنی چیزیں صدقہ میں دے کر یہ احساس آپ نے ضرور محسوس کیا ہوگا۔ اگر نہیں کیا تو آج سے ہی یہ کام شروع کردیں۔ ایسا کرکے آپ ناصرف کسی ضرورتمند کی مدد کرتے ہیں، بلکہ خود پر بھی احسان کرتے ہیں۔

خود سے محبت کریں

غصہ اسی وقت آتا ہے جب آپ کو کوئی بات بُری لگتی ہے، اور ایسی کیفیت اسی وقت طاری ہوتی ہے جب ذہن پر منفی خیالات کا غلبہ ہوجاتا ہے۔

اس کیفیت سے بچنے کے لیے اپنے آپ سے محبت کریں، اپنے مثبت انداز سے سوچیں۔

یاد رکھیں کہ منفی سوچ ہمیشہ آپ کے بلڈ پریشر میں اضافہ کردیتی ہے، جس سے غصہ آتا ہے۔

ایسی صورتحال میں آئینے کے سامنےکھڑے ہوکر اپنے چہرے پر نظریں جما کرخود کو محسوس کریں، اپنی تصاویر دیکھیں، اور ایک ریسرچ بتاتی ہے کہ خود سے رابطے کا یہ عمل آکسیٹین اور کچھ خاص کیمیکل کا اخراج کرتا ہے، جس سے اپنے اندر خوشی کی لہر یا سکون کی کیفیت محسوس کرتے ہیں۔

اپنے ہاتھوں کو گرم رکھیں

جب آپ کو محسوس ہو کہ آپ کو غصہ آ رہا ہے، تو اپنے ہاتھوں کو ایک دوسرے کے ساتھ رگڑیں۔

ایسا کرنے سے آپ کے ہاتھ گرم ہوں گے اور غصے کے وقت نروس سسٹم میں تیزی سے بڑھتا خون کا بہاؤ سست ہوجائے گا۔

آپ نے محسوس کیا ہوگا کہ جب آپ کو اچانک غصہ آتا ہے تو آپ کا پورا جسم گرم ہو جاتا ہے۔ دراصل اس دوران پورے جسم میں خون کا بہاؤ بہت تیز ہونے لگتا ہے۔ اسی کیفیت کو کنٹرول کرنے کے لیے جب بھی آپ کو غصہ آتا محسوس ہو تو ہاتھوں کو رگڑنا شروع کر دیجیے۔

پودے لگائیے

ہالینڈ میں کی گئی ایک ریسرچ کے نتائج کے مطابق پودوں کی دیکھ بھال میں آدھا گھنٹہ صرف کرنے سے ذہنی دباؤ سے اسی قدر نجات ملتی ہے، جس قدر ایک پُرسکوں کمرے میں کسی دلچسپ کتاب کا مطالعہ کرنے سے راحت ملتی ہے۔

ایک دوسری ریسرچ سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پودوں کی دیکھ بھال کے دوران مٹی میں موجود ایسے عناصر سے آپ کا واسطہ پڑتا ہے، جس سے ذہنی دباؤ میں کمی آتی ہےاور آپ کو بہتر طریقے سے توجہ مرکوز کر پاتے ہیں۔

روزانہ گھر میں پودوں کی دیکھ بھال پر آدھا گھنٹہ صرف کیجیے، اگر آپ کے گھر میں جگہ کم ہے، تو آپ گملوں اور بوتلوں میں بھی پودے لگاسکتے ہیں۔

یہی فوائد آپ مچھلی کے ایکوریم کی دیکھ بھال کرکے بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

گہری سانس لیں

سائنسدانوں کے مطابق غصے کو کنٹرول کرنے کے لیے ضروری ہے کہ گہری سانس لیں اور پھر باہر خارج کردیجیے۔ اس عمل سے نروس سسٹم فعال ہو جاتا ہے، جس سے دل کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔ اس سے ذہنی دباؤ اور غصہ کم ہونے لگتا ہے۔ اسی لیے جب بھی غصہ آئے تو تین مرتبہ زور سے سانس لیجیے اور باہر چھوڑدیں۔

ثابت اناج کھائیں

اگر آپ کو بہت زیادہ غصہ آ رہا ہے، تو اسے دور کرنے کا بہترین طریقہ ہے کہ آپ ثابت اناج کھائیں۔ اس کے کھانے کے آدھے گھنٹے بعد آپ خود کو بہتر محسوس کریں گے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کاربوہائیڈریٹ خون میں شوگر کی مقدار میں اضافہ کردیتے ہیں، جس سے دماغ کو مثبت پیغام دینے والے نيوروٹرانسميٹر سے سیروٹونن کی سطح میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

ذہنی دباؤ اور غصہ کم کرنے کے لیے دن بھر میں کم از کم کاربوہائیڈریٹ کی 30 گرام مقدار ضرور لینی چاہیے۔

ہنستے مسکراتے رہیں

آپ ہمیشہ مسکراتے رہیں، کیونکہ ہنسی ہی واحد ایسی چیز ہے جو آپ کے سارے دکھ دور کر سکتی ہے۔ اگر، آپ کسی مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں تو اس صورتحال میں آپ کی ایک مسکراہٹ آپ کے سارے غم بھُلا دے گی۔ اس سے آپ کو غصہ کم آئے گا اور آپ کو ہمیشہ مثبت سوچنے کی عادت پڑ جائے گی۔

اسی لیے ہمیشہ مسکراتے رہیں اور خوشیاں پھیلاتے رہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں