فیس بک نے نیوزفیڈ کو پھر بدلنے کا فیصلہ کرلیا

19 فروری 2020
فیس بک نے اس کی تصدیق کی ہے — شٹر اسٹاک فوٹو
فیس بک نے اس کی تصدیق کی ہے — شٹر اسٹاک فوٹو

فیس بک نے ایک بار پھر اپنے اہم ترین حصے یعنی نیوزفیڈ کو بدلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پہلے دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ میں ترتیب وار (تازہ ترین) مواد کو الگورتھم رینکنگ سے بدلا گیا اور اب بھی تازہ ترین یا موسٹ ریسنٹ آپشن کو بائیں جانب بار میں تلاش کرسکتے ہیں۔

مگر اب اس کمپنی نے نیوز فیڈ میں ٹیبز کے اضافے پر غور شروع کردیا ہے تاکہ صارفین کے لیے مواد دیکھنا آسان ہوسکے۔

فیس بک سمیت متعدد ایپس کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ٹوئٹر صارف اور ڈویلپر جین مینچون وونگ نے ایک ٹوئٹ میں یہ بات بتائی۔

انہوں نے فیس بک کی اینڈرائیڈ میں کوڈ تلاش کیا جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اس سوشل میڈیا ایپ نے نیوزفیڈ کو 3 ٹیبز میں تقسیم کرنے پر غور شروع کردیا ہے جو ریلیونٹ، ریسنٹ اور سین کے نام سے ہوں گے۔

فیس بک نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ اس فیچر کی آزمائش کررہی ہے اور ابھی صارفین میں اسے آزمانے پر غور کررہی ہے۔

ویسے ہوسکتا ہے کہ آپ کو علم نہ ہو مگر دیکھی جانے والی پوسٹس کو دیکھنے کی ٹرک بھی موجود ہے مگر یہ ویب سائٹ پر ہی کام کرتی ہے جس کے لیے یو آر ایل facebook.com/seen پر وزٹ کرنا ہوتا ہے۔

ویسے یہ نئی تبدیلی کافی کارآمد نظر آتی ہے کیونکہ اس سے وہ مواد تلاش کرنا آسان ہوجائے گا جو آپ دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ نیوزفیڈ کو آرگنائز کرنے کے لیے صارف کو زیادہ اختیار مل سکے گا۔

ایسا بھی ممکن ہے کہ کمپنی کی جانب سے اس میں مزید ٹیبز کا اضافہ کردیا جائے، مگر ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر کب تک عام صارفین کو دستیاب ہوسکے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں