شہباز شریف کی ایوان سے طویل غیر حاضری، فواد چوہدری کا اسپیکر کو خط

اپ ڈیٹ 22 فروری 2020
فواد چوہدری نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر مسلم لیگ (ن) کے صدر کی طویل غیر حاضری کا نوٹس لینا کا مطالبہ کیا—فائل فوٹو: اےا یف پی
فواد چوہدری نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر مسلم لیگ (ن) کے صدر کی طویل غیر حاضری کا نوٹس لینا کا مطالبہ کیا—فائل فوٹو: اےا یف پی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور قومی اسمبلی (ایوان زیریں) میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف طویل عرصے سے ایوانِ زیریں کی کارروائی میں شریک نہ ہونے پر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر مسلم لیگ (ن) کے صدر کی طویل غیر حاضری کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ خط میں انہوں نے اسد قیصر پر زور دیا کہ شہباز شریف سے قومی اسمبلی میں واپس آنے کی تاریخ پوچھی جائے ورنہ نیا قائد حزب اختلاف منتخب کرنے کا عمل شروع کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ اجلاس میں وزرا کی غیرحاضری، وزیراعظم سے جواب طلب

فواد چوہدری کے اس اقدام کے ردِ عمل میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے بھی اسپیکر کو خط ارسال کردیا جس میں ان پر زور دیا کہ وزیراعظم کو طلب کریں جو اجلاس میں شریک نہیں ہوتے لیکن ایوانِ زیریں کے رکن کی حیثیت سے باقاعدگی کے ساتھ تنخواہ اور دیگر فوائد حاصل کررہے ہیں۔

تاہم فواد چوہدری کا اپنے خط میں کہنا تھا کہ ’قائد حزب اختلاف قانون سازی کے عمل میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ وہ خصوصی فوائد بھی حاصل کررہے ہیں، اپوزیشن لیڈر کی نشست طویل عرصے تک خالی نہیں رہنی چاہیے (لہٰذا) ان کی غیر حاضری قومی اسمبلی کے قواعد کی خلاف ورزی ہے‘۔

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کے مقدمے میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی کی ضمانت دینے کے بعد شہباز شریف خود بھی ’غائب‘ ہوگئے۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کا بطور چیئرمین 'پبلک اکاؤنٹس کمیٹی' استعفیٰ منظور

وفاقی وزیر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو یاد دہانی کروائی کہ قائد حزب اختلاف طویل عرصے سے پارلیمان میں نہیں آئے اور انہوں نے قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کا عہدہ بھی چھوڑ دیا ہے۔

فواد چوہدری کے ٹوئٹ پر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی قومی اسمبلی کے اسپیکر کے پاس ایک خط جمع کروایا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’آٹا اور چینی چور وزیراعظم‘ پارلیمان سے طویل عرصے سے لاپتہ ہیں۔

دوسری جانب طلال چوہدری نے خط میں کہا کہ ’روزگار، کاروبار اور روٹی چور وزیراعظم پارلیمان سے طویل عرصے سے لاپتہ ہیں لیکن قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے ماہانہ تنخواہ اور دیگر مراعات و فوائد حاصل کررہے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی جگہ ہوتا تو سندھ، پنجاب کے وزرائے اعلیٰ کو برطرف کردیتا، فواد چوہدری

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اسپیکر سے یہ بھی درخواست کی ہے کہ پتہ لگائیں کتنے ’لوٹے‘ ہیں جو سابق صدر پرویز مشرف کی حکومت کا حصہ تھے اور اب بھی ایوان میں موجود ہیں۔

طلال چوہدری نے فواد چوہدری سے کہا کہ اگر انہیں ’نا اہل‘ وزیراعظم کہیں ملیں تو انہیں فوری طور پر اسپیکر قومی اسمبلی کے حوالے کریں۔

یاد رہے کہ شہباز شریف گزشتہ برس نومبر میں اپنے بڑے بھائی نواز شریف کے ہمراہ علاج کے لیے لندن گئے تھے۔

لندن روانگی سے قبل شہباز شریف نے لاہور ہائی کورٹ میں بیان حلفی جمع کروایا تھا جس میں 4 ہفتوں یا جب ڈاکٹر انہیں پاکستان جانے کے لیے فٹ قرار دیں اس وقت نواز شریف کی واپسی کی ضمانت دی گئی تھی۔

تاہم لندن جانے کے چند روز بعد ہی یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ اپوزیشن لیڈر نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں