صدر مملکت سے بھارتی سیاستدان شتروگھن سنہا کی ملاقات

22 فروری 2020
ملاقات میں صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا — فوٹو: پی آئی ڈی
ملاقات میں صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا — فوٹو: پی آئی ڈی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھارتی سیاستدان اور سابق لیجنڈری اداکار شتروگھن سنہا نے ملاقات کی۔

گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی ملاقات میں صدر مملکت نے بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے بھارتی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر مظالم کو اجاگر کیا جن کے ساتھ متنازع شہریت (ترمیمی) ایکٹ 2019 کے تحت امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔

— فوٹو: پی آئی ڈی
— فوٹو: پی آئی ڈی

ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کی امن کوششوں کو بھی اجاگر کیا جو بدقسمتی سے مودی حکومت نے ضائع کیں۔

ان کے اس بیان پر کہ آزاد جموں و کشمیر مکمل طور پر پرامن علاقہ ہے، بھارتی سیاستدان نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ بھارت میں دونوں اطراف کے ارکان پارلیمنٹ کو آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کی دعوت دینا چاہیے تاکہ وہ خود زمینی حقائق دیکھ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکار شتروگھن سنہا لاہور میں کیا کر رہے ہیں؟

صدر مملکت اور شتروگھن سنہا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ برصغیر میں امن کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل شتروگھن سنہا کی لاہور میں ہونے والی شادی کی ایک تقریب میں موجودگی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی اداکار بزنس مین اسد احسن کے بیٹے کی شادی میں شرکت کے لیے پاکستان آئے۔

شتروگھن سنہا نے 2001 میں کراچی میں صدر مملکت کے صاحبزادے ڈاکٹر عواب علوی کی شادی کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی صورتحال کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و سماجی تعلقات متاثر ہوئے ہیں جبکہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر بھی پابندی عائد ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں