سندھ میں پولیو وائرس کا نیا کیس سامنے آگیا، رواں سال تعداد 18 ہوگئی

اپ ڈیٹ 17 جولائ 2020
ملک بھر میں رواں سال سامنے آنے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی — فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک بھر میں رواں سال سامنے آنے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی — فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: صحت حکام نے سندھ میں پولیو کے نئے کیس کی تشخیص کی ہے جس کے بعد ملک بھر میں رواں سال سامنے آنے والے کیسز کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے ضلع کشمور میں 30 ماہ کے بچے میں پولیو کی تشخیص ہوئی۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے حکام نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 'بچہ تنگوانی تحصیل کی یونین کونسل چیل کا رہائشی ہے جس کا نچلا حصہ مفلوج ہوگیا ہے'۔

مزید پڑھیں: قطرے، انجکشن یا دونوں؟ پولیو ویکسین کے حوالے سے عام سوالات کے جوابات

صوبوں کے لحاظ سے دیکھا جائے تو اس وقت تک رواں سال تصدیق شدہ پولیو کیسز کی تعداد خیبر پختونخوا سے 10، سندھ سے 6 اور بلوچستان سے 2 ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 2019 میں ملک بھر سے 146 پولیو کیسز سامنے آئے تھے جبکہ 2018 میں مجموعی کیسز کی تعداد 12 اور 2017 میں صرف 8 تھی۔

ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی نیشنل منیجر ڈاکٹر رانا صفدر نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ پولیو مہم میں 5 سال سے کم عمر کے 3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

ان کا کہنا تھا کہ 'پشاور، کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ میں آج بھی مہم جاری رہے گی اور ہمیں امید ہے کہ رواں سال اس وائرس پر کنٹرول حاصل کرلیا جائے گا'۔

واضح رہے کہ رواں سال کراچی کے علاوہ ملک بھر پولیو مہم کا آغاز پیر کو ہوا تھا جبکہ کراچی میں اس کا آغاز ایک ہفتے قبل ہوا تھا۔

اس مہم کے دوران 2 لاکھ 65 ہزار پولیو رضاکار گھر گھر جاکر 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں