پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، پیٹرول 5 روپے سستا

پیٹرول کی نئی قیمت 111 روپے 60 پیسے فی لیٹر ہوگی — فائل فوٹو / اے ایف پی
پیٹرول کی نئی قیمت 111 روپے 60 پیسے فی لیٹر ہوگی — فائل فوٹو / اے ایف پی

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے تک کمی کردی۔

خزانہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق آئندہ ماہ کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل میں 7، 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 111 روپے 60 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 122 روپے 26 پیسے ہوگی۔

مٹی کے تیل کی نئی قیمت 72 روپے 45 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 77 روپے 51 پیسے ہوگی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

واضح رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 20 فیصد کمی کے پیشِ نظر مارچ کے مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

تاہم اس کے برعکس وزارت خزانہ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی بھرپور کوشش تھی کہ اوگرا کے اندازے سے صرف نصف قیمت کی کمی صارفین تک پہنچے اور باقی رقم کو ٹیکس کی شرح میں اضافہ کر کے غیر متوقع فائدے کے طور پر اپنے پاس رکھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی کم درآمدی قیمت سے ہونے والے ریونیو نقصانات اور رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں ریونیو کے مجموعی شارٹ فال کو پورا کرنا چاہتی ہے۔

ساتھ ہی یہ بات سامنے آئی کہ ٹیکس کی شرح میں اضافہ کر کے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت کم کرکے 7 روپے 23 پیسے اور پیٹرول کی قیمت 5 روپے 79 پیسے کرنے پر کام کیا جارہا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27 روپے فی لیٹر کم کرکے 127 روپے سے 100 روپے کرنے کی سفارش کی تھی۔

یونٹ نے مارچ کے مہینے کے لیے پیڑول کی قیمت میں بھی 15 روپے کمی کر کے 100 روپے فی لیٹر تک کرنے کی تجویز دی تھی۔

خیال رہے کہ حکومت اضافی ریونیو حاصل کرنے کے لیے پہلے ہی تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس کو بڑھا کر 17 فیصد کے اسٹینڈر ریٹ تک پہنچا چکی ہے۔

قبل ازیں گزشتہ برس جنوری تک حکومت لائٹ ڈیزل آئل پر 0.5 فیصد، مٹی کے تیل پر 2 فیصد، پیٹرول پر 8 فیصد اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 13 فیصد جی ایس ٹی وصول کررہی تھی۔

اس کے علاوہ گزشتہ چند ماہ کے دوران حکومت نے نئے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی بھی 8 روپے سے بڑھا کر 18 روپے کردی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں