’کورونا وائرس‘ کا خوف ’آئیفا ایوارڈ‘ کی تقریب منسوخ

اپ ڈیٹ 06 مارچ 2020
آئیفا ایوارڈ میں تقریبا تمام معروف اداکارائیں شامل ہوتی ہیں — فائل فوٹو: فیس بک
آئیفا ایوارڈ میں تقریبا تمام معروف اداکارائیں شامل ہوتی ہیں — فائل فوٹو: فیس بک

’کورونا وائرس‘ کے پھیلنے کے خوف کی وجہ سے گزشتہ روز ہولی وڈ کی معروف جاسوس فلم سیریز ’جیمز بانڈ‘ نے اپنی آنے والی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی ریلیز منسوخ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب فلم کو اپریل 2020 کے بجائے نومبر میں ریلیز کیا جائے گا۔

اسی طرح کورونا وائرس سے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر دنیا بھر میں سینما گھروں میں بھی فلموں کی نمائش کمی کی گئی ہے جب کہ لوگ بھی گھروں تک محدود ہو گئے ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے نہ صرف فلموں کی نمائش کو منسوخ کیا گیا ہے بلکہ کئی ممالک میں اسکولز و یونیورسٹیز کو بھی بند کردیا گیا ہے جب کہ عوامی مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی چند ممالک میں عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا خوف، ’جیمز بانڈ‘ کی ریلیز مؤخر

اسی طرح سعودی عرب نے بھی تاریخ میں پہلی بار کسی بیماری کی وجہ سے عمرے پر عارضی پابندی عائد کی ہے جب کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں نماز جمعہ کے اجتماعات کو 10 منٹ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

ایران میں بھی نماز جمعہ کے اجتماعات پر عارضی پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹیں بھی سخت مندی کا شکار ہیں۔

اور اب دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری کا دعویٰ کرنے والے ملک بھارت میں بڑے فلمی ایوارڈز میں شمار ہونے والے فلم ایوارڈ کو بھی کورونا کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا۔

جی ہاں، ’انٹرنیشنل انڈین فلم فیسٹیول اکیڈمی ایوارڈز‘ (آئیفا) کی سالانہ ایوارڈ تقریب بھی کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے منسوخ کردی گئی۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے فلم ایوارڈ کی انتظامیہ نے تقریب کو منسوخ کردیا۔

رپورٹ کے مطابق آئیفا فلم فیسٹیول کی سالانہ تقریب رواں ماہ کے آخر میں ریاست مدھیاپردیش میں ہونا تھی تاہم اب اسے منسوخ کردیا گیا اور تاحال ایوارڈ تقریب کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: سعودی عرب نے عمرے پر عارضی پابندی لگادی

آئیفا ایوارڈز کی تقریب رواں ماہ کے آخر میں 27 سے 29 مارچ تک ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں ہونا تھی تاہم اب اسے کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا اور جلد ہی ایوارڈ تقریب کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ آئیفا ایوارڈ کی سالانہ تقریب اب رواں برس کے آخر میں کیے جانے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

آئیفا ایوارڈز کو بھارت کے سب سے معتبر اور بڑے فلمی ایوارڈز میں شمار کیا جاتا ہے، فلم فیئر کے بعد آئیفا کو ہی نجی ایوارڈز میں سب سے معتبر مانا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں