کورونا وائرس: صورتحال پر غور کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس کل طلب

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2020
چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے — فائل فوٹو / اے پی پی
چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے — فائل فوٹو / اے پی پی

وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس جمعہ کو طلب کر لیا۔

وزیر اعظم آفس کے عہدیداران کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں خارجہ، داخلہ اور دفاع کے وزار کے علاوہ مشیر خزانہ، معاون خصوصی اطلاعات اور معاون خصوصی نیشنل سیکیورٹی ڈویژن شرکت کریں گے۔

تینوں مسلح افواج کے سربراہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی اور معاون خصوصی صحت بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور فوری اقدامات کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے محدود مدت کیلئے ملک میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کل سے 'پی ایس ایل' کے میچز شائقین کے بغیر ہوں گے، وزیر اعلیٰ سندھ

قومی سلامتی کمیٹی طالبان اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کا بھی جائزہ لے گی۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 21 تک جا پہنچی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس

  • پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

  • 26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔

  • 29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی۔

  • 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔

  • 6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔

  • 8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔

  • 9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی۔

  • 10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی تھی۔

  • 11 مارچ کو اسکردو میں ایک 14 سالہ لڑکے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مجموعی تعداد 20 تک پہنچی تھی۔

  • 12 مارچ کو گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں کورونا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 21 ہوگئی۔

تبصرے (0) بند ہیں