پیپلز پارٹی کے بانی رہنما ڈاکٹر مبشر حسن انتقال کرگئے

اپ ڈیٹ 14 مارچ 2020
ڈاکٹر مبشر حسن—فائل فوٹو: ڈان نیوز
ڈاکٹر مبشر حسن—فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بانی رہنما ڈاکٹر مبشر حسن علالت کے بعد 98 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

مرحوم گزشتہ کئی روز سے علیل اور زیر علاج تھے تاہم آج وہ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کرگئے۔

مزیدپڑھیں: 'پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کی بات کی ہے'

ادھر مرحوم کے بھائی ڈاکٹر پروفیسر مہدی حسن کے مطابق ڈاکٹر مبشر حسن کی نماز جنازہ آج (ہفتے کو) شام 5 بجے ان کی رہائش گاہ پر ادا کی جائے گی۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے بانی رکن ڈاکٹر مبشر حسن کے انتقال پر پی پی پی پنجاب کی قیادت نے تعزیت کا اظہار کیا۔

پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے ڈاکٹر مبشر حسن کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پسے ہوئے طبقات کی آواز تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا ایک بار پھر ملک سے غربت کے خاتمے کے عزم کا اعادہ

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مبشر حسن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور پیپلزپارٹی مرحوم کی خدمات کی ہمیشہ معترف رہے گی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر مبشر حسن پاکستان کے وزیرِ خزانہ اور مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی بھی رہ چکے تھے، اس کے علاوہ وہ کئی کتابوں کے مصنف اور پاک-بھارت تعلقات میں بہتری کے حامی تھے۔

مرحوم ڈاکٹر مبشر حسن پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی تھے۔

30 نومبر 1967 کو ذوالفقار علی بھٹو نے ڈاکٹر مبشر حسن کے گھر پر پیپلز پارٹی کا پہلا اجلاس منعقد کیا تھا اور اس طرح پیپلز پارٹی پارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی۔

مزیدپڑھیں: پیپلز پارٹی کا قیادت کے ‘میڈیا ٹرائل’ پر چیف جسٹس سے نوٹس کا مطالبہ

ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں ڈاکٹر مبشر حسن وزیر خزانہ بھی رہے جبکہ پارٹی امور کے فیصلے پر اختلافات کے بعد ڈاکٹر مبشر حسن نے غنویٰ بھٹو کی پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

اس کے علاوہ اپنی وفات تک ڈاکٹر مبشر حسن پنجاب کے صدر کی حیثیت سے پارٹی کا عہدہ بھی سنبھالے رہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں