کورونا وائرس: پی ایس ایل پلے آف اور فائنل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

اپ ڈیٹ 12 نومبر 2020
پاکستان سپر لیگ کا اختتام 18 مارچ کو ہونا تھا — فوٹو: ڈان نیوز
پاکستان سپر لیگ کا اختتام 18 مارچ کو ہونا تھا — فوٹو: ڈان نیوز

ملک میں کورونا وائرس کے خطرات میں اضافے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 کو ملتوی کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر آج ہونے والے ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور کل (18 مارچ) کو ہونے والے فائنل کو فی الحال ملتوی کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: ایلکس ہیلز نے اپنے حوالے سے زیر گردش خبروں کو غلط قرار دیدیا

بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک مختصر سی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کو ملتوی کردیا گیا، اسے بعد میں ری شیڈول کیا جائے گا اور مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پی ایس ایل سیزن 5 میں پلے آف کا مرحلہ ختم کرکے سیمی فائنل تک کردیا گیا تھا اور 22 مارچ کو ہونے والے فائنل کی تاریک کو تبدیل کرکے 18 مارچ کردیا گیا تھا۔

اگر ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی بات کی جائے تو اس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے جہاں مریضوں کی تعداد 150 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا میں 15 اور بلوچستان میں 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں صوبہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے 2 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں 2 اور گلگت بلتستان میں 5 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

دنیا بھر میں پھیلنے والے اس کورونا وائرس سے مختلف کھیلوں کے مقابلے متاثر ہوئے ہیں اور اس کا اثر پی ایس ایل سیزن 5 پر بھی پڑا تھا۔

کورونا وائرس کے باعث پہلے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 13 مارچ سے پی ایس ایل کے میچز بغیر شائقین کے کرانے کا فیصلہ ہوا تھا جبکہ بعد ازاں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بھی شائقین کے بغیر میچز کروائے گئے تھے۔

اس کے علاوہ پی ایس ایل کو ری شیڈول کرتے ہوئے اس کے کراچی میں ہونے والے آخر کے میچز کو لاہور منتقل کردیا گیا تھا اور دونوں سیمی فائنلز اور فائنلز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: 'غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات کے بعد پی ایس ایل مؤخر کی'

اگر مجموعی طور پر پی ایس ایل کی ٹاپ 4 ٹیموں کی بات کریں جو سیمی فائنل تک پہنچی تھیں تو اس میں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیم شامل تھی۔

یہاں یہ بات یاد رہے کہ یہ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم کسی بھی سیزن کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچی تھی۔

پی ایس ایل میں آج پہلا سیمی فائنل ملتان سلطانز اور پشاور زلمی جبکہ دوسرا سیمی فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان شیڈول تھا جبکہ ان دونوں میچ کی فاتح ٹیمز فائنل میں ٹکراتی تاہم اب ایونٹ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں