کورونا وائرس کے پیش نظر بھارت مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں ختم کرے، پاکستان کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 19 مارچ 2020

ای میل

دفتر خارجہ کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ فاروقی ہفتہ وار بریفنگ دے رہی ہیں — فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان
دفتر خارجہ کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ فاروقی ہفتہ وار بریفنگ دے رہی ہیں — فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان

پاکستان نے بھارتی حکومت سے مقبوضہ جموں و کشمیر سے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے پر وہاں لگائی گئی رکاوٹیں ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران وزارت خارجہ کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ پابندیوں کو ختم کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ مقبوضہ وادی میں کیسز کی تعداد معلوم ہوسکے اور انہیں ضروری اجناس اور ادویات فراہم کی جاسکیں۔

ترجمان نے جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری عوام پر غیر انسانی سلوک کی مذمت بھی کی۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: فاروق عبداللہ کی نظر بندی 8 ماہ بعد ختم

انہوں نے بھارتی حکومت کی جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کے منافی ہے۔

کورونا وائرس کے پیش نظر اقدامات

کورونا وائرس سے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے دفتر خارجہ نے 18 مارچ سے 3 اپریل تک کے لیے واک ان قونصلر سروسز سوائے پاور آف اٹارنی کی تصدیق کے، معطل کردیں جبکہ اس عرصے کے دوران دستاویزات کی تصدیق کوریئر کمپنیوں کے ذریعے جاری رہیں گی۔

عائشہ فاروقی نے بتایا کہ ان کی وزارت نے بحران سے نمٹنے کے لیے کرائسز مینیجمنٹ یونٹ قائم کیا ہے جس کی نگرانی خصوصی سیکریٹری (انتظامیہ) کریں گے جو پاکستان اور بیرون ملک ہمارے سفیروں کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلی پاکستانی برادری سے رابطے میں رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کرائسز مینیجمنٹ یونٹ کا ہاٹ لائن نمبر آج ہماری ویب سائٹ پر جاری کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 158 ممالک میں پھیلے کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار 810 ہوگئی

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹس نے 24 گھنٹے بحال رہنے والی ہاٹ لائن بنائی ہے اور اوورسیز برادری کو ان کے ممالک میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوکل پرسنز نامزد کردیے ہیں جس کی تمام تفصیلات وزارت کی ویب سائٹ پر آج جاری کردی جائیں گی۔

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی تجویز دی اور اپنی حفاظت کے تحت سماجی دوری اپنانے پر زور دیا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، ملک میں 19 مارچ کی شام تک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 377 تک پہنچ چکی ہے جبکہ وائرس سے اب تک ملک میں 2 افراد کی موت بھی ہوچکی ہے۔