کورونا وائرس: بھارت کا 22 مارچ کو پورے ملک میں کرفیو لگانے کا فیصلہ

19 مارچ 2020
عوام جنتا کرفیو میں ہمارا ساتھ دے جو 22 مارچ کو صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک نافذ ہوگا، نریندر مودی — فائل فوٹو / رائٹرز
عوام جنتا کرفیو میں ہمارا ساتھ دے جو 22 مارچ کو صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک نافذ ہوگا، نریندر مودی — فائل فوٹو / رائٹرز

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ 22 مارچ بروز اتوار خود پر 'جنتا کرفیو' عائد کریں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق قوم سے خطاب میں نریندر مودی نے کہا کہ 'میں عوام سے درخواست کرتا ہوں وہ جنتا کرفیو میں ہمارا ساتھ دیں جو 22 مارچ کو صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک نافذ ہوگا۔'

انہوں نے کہا کہ 'یہ کرفیو خود پر قابو رکھنے کی علامت ہوگا، ہر شخص 10 لوگوں کا انتخاب کرے اور انہیں کسی بھی ذریعے سے اس کرفیو سے متعلق آگاہ کرے اور زور دے کہ وہ اتوار کے روز گھر پر رہیں۔'

بھارتی وزیر اعظم نے عوام کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 'پکا ارادہ کرنے اور خود پر قابو رکھنے' کے دو طریقے بھی بتائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طریقے پر عمل کرنا ملک کے مفاد میں ہے اور اس سے ہمیں مستقبل کے چیلنجز کی تیاری میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا شکار ہونے والی نامور شخصیات

انہوں نے کہا کہ 'اس کرفیو کا اطلاق صحت، میڈیا اور دیگر ضروری سروسز سے منسلک لوگوں پر نہیں ہوگا۔'

نریندر مودی نے کہا کہ 'پوری دنیا ایک سنگین مرحلے سے گزر رہی ہے، عام طور پر جب بھی کوئی قدرتی آفت آتی ہے وہ کچھ ممالک یا ریاستوں تک محدود ہوتی ہے، لیکن کورونا وائرس کی وبا نے پوری انسانیت کو بحران میں ڈال دیا ہے۔'

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے 173 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 3 افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔

اس عالمگیر وبا سے 160 سے زائد ممالک میں 2 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 9 ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں