افغان صوبہ کے گورنر بم دھماکے میں زخمی

شائع July 27, 2013

فائل فوٹو—
فائل فوٹو—

کابل: افغانستان کے شمالی صوبہ سمنگان کے گورنر اور ان کے دو محافظ سڑک کنارے بم حملے میں زخمی ہو گئے ہیں۔

سمنگان کے گورنر خیراللہ انوش کے ترجمان صدیق عزیز نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ واقعہ ہفتہ کو اس وقت رونما ہوا جب گورنز اپنے دفتر جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی ایک سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی۔ سمنگان کے نائب سیکورٹی چیف مصدق اللہ نے بھی اس حملے کی تصدیق کی ہے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب گزشتہ روز افغانستان کے شورش زدہ صوبے غزنی میں موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے ایک مصرف بازار میں سات افراد کو ہلاک کردیا تھا، ہلاک ہونے والوں میں ایک طالبان مخالف رہنماء بھی شامل تھے۔

افغان طالبان نے آج کے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ طالبان ترجمان ذیبح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ"ہمارے مجاہدین کا ہدف سمنگان صوبے  کے گورنر کا قافلہ تھا"۔

یاد رہے کہ افغانستان میں امریکی کی جانب سے  2001ء میں طالبان کو اقتدار سے ہٹانے کے بعد سے افغان باغی سڑک کنارے بم حملوں سے افغان فورسز اور غیر ملکی فوجیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025