ایرانی سرحد کے قریب حملہ، 2 سیکیورٹی اہلکار شہید

27 مارچ 2020
زخمی ایف سی اہلکاروں میں ایک سینئر افسر بھی شامل ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
زخمی ایف سی اہلکاروں میں ایک سینئر افسر بھی شامل ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

گوادر: بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایک حملے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ ضلع کیچ ایرانی سرحد کے قریب واقع ہے جبکہ واقعہ کیچ کے علاقے منڈ میں پیش آیا۔

مزیدپڑھیں: وزیرستان: گاڑی پر فائرنگ سے 4 شہری، 2 ایف سی اہلکار شہید

اس حوالے سے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں نے اس وقت فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں پر فائرنگ کی جب وہ سہرین کوہ کے علاقے کے قریب ایرانی سرحد کے ساتھ باڑ لگانے کے کام کا معائنہ کر رہے تھے۔

اس ضمن میں ٹمپ کے اسسٹنٹ کمشنر رحمت اللہ نے بتایا کہ اس حملے کے نتیجے میں 2 ایف سی اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں میں ایک سینئر افسر بھی شامل ہے۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اس تمام واقعہ میں ایف سی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ بھی کی۔

ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا جس کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: دھماکے میں ایک ایف سی اہلکار شہید، 5 زخمی

بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں پہنچایا، جس کے بعد زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت محمد رضوان اور محمد اکبر جبکہ زخمیوں کی شناخت میجر مشتاق ، نائب صوبیدار ظہور ، محمد ظفر اور محمد آصف کے نام سے ہوئی۔

دریں اثنا سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا اور کچھ مشتبہ افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں بھی لے لیا۔


یہ خبر 27 مارچ 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں