ڈاکٹرز کے رقص پر اشنا شاہ کی تنقید اور پھر معافی

اپ ڈیٹ 11 اپريل 2020
پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ، فوٹو: انسٹاگرام
پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ، فوٹو: انسٹاگرام

دنیا بھر میں پھیلی کورونا وائرس کی وبا کے باعث اگر کوئی اس وقت سب سے زیادہ خطرے میں ہے تو وہ کوئی اور نہیں بلکہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ ہے جو اس جنگ کے خلاف سب سے آگے کھڑے ہیں۔

جہاں ساری دنیا اس وقت ان ڈاکٹرز اور نرسز کو خراج تحسین پیش کررہی ہے وہیں پاکستان کی نامور اداکارہ اشنا شاہ نے ڈاکٹرز کی سامنے آئی ایک ویڈیو پر انگلی اٹھائی جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر کئی ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی ایسی ویڈیوز وائرل ہوئیں جن میں وہ اپنی تھکن دور کرنے کے لیے رقص کرتے نظر آئے۔

جہاں سوشل میڈیا پر ان ویڈیوز کو لوگوں نے بہت زیادہ پسند کیا وہیں اداکارہ اشنا شاہ نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’میں حیران ہوں کہ ڈاکٹرز اور نرسز ایسے وقت میں اتنا مشکل ڈانس کر رہے ہیں، کیا ان کے پاس اتنا وقت ہے؟ آپ لوگ کیا کہتے ہیں؟‘

جس کے بعد اداکارہ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اشنا شاہ نے بعد ازاں اپنی یہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی اور ڈاکٹرز، طبی عملے اور مداحوں سے معافی بھی مانگ لی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انسٹاگرام پر اداکارہ نے طویل پوسٹ جاری کی جس میں انہوں نے اپنی غلطی کی معافی مانگی اور لکھا کہ ’میرا کسی کا دل دکھانے کا ارادہ نہیں تھا، میں صرف تذبذب کا شکار تھی کہ کیا ان ڈاکٹرز کہ پاس اتنا وقت ہے کہ وہ ایسا مشکل ڈانس سیکھ کر کریں، جبکہ انہیں ایسے وقت میں اپنی نیند پوری کرنی چاہیے‘۔

اداکارہ نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی خدمات کو خوب سراہا اور لکھا کہ وہ ہمارے مسیحا ہیں اور انہیں ایسے وقت میں آرام کرنا چاہیے۔

انہوں نے دوبارہ معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ جو بھی کچھ کرے اس بات کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے۔

تبصرے (0) بند ہیں