صرف کورونا وائرس کی ویکسین سے ہی سب معمول پر آسکتا ہے، انتونیو گوتریس

اپ ڈیٹ 16 اپريل 2020
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس - فائل فوٹواے ایف پی
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس - فائل فوٹواے ایف پی

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین ہی معمولات زندگی بحال کرسکتی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے رکن 50 سے زائد افریقی ممالک کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ’محفوظ اور مؤثر ویکسین واحد ہتھیار ہے جو دنیا کو معمول پر لاسکتا ہے، یہ لاکھوں لوگوں اور کھربوں ڈالر بچا سکتا ہے‘۔

انہوں نے اس کی فوری پیداوار اور سب تک رسائی پر زور دیا اور کہا کہ ’اس کا پوری دنیا کو فائدہ ہوگا اور ہم وبا کو قابو کرسکیں گے‘۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں جونیئر ڈاکٹر کورونا وائرس کنٹرول سینٹر کے سربراہ مقرر

انہوں نے زور دیا کہ ’ہمیں ایک پرجوش کوشش کی ضرورت ہے کہ یقینی بنائیں کہ بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز ہم آہنگی، مربوط اور فائدہ مند نقطہ نظر کے ساتھ کام کریں تاکہ 2020 کے آخر تک اس طرح کے ویکسین کو بنایا جاسکے‘۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ 25 مارچ کو اس وبائی امراض کے بارے میں اقوام متحدہ کے ایک جامع رد عمل کے لیے 2 ارب ڈالر کی اپیل کا تقریبا 20 فیصد حصہ حاصل کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعے اقوام متحدہ 47 افریقی ممالک کو کورونا وائرس کی سہولت فراہم کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حیدر آباد میں زیر علاج مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی

اقوام متحدہ کے سربراہ نے وبائی امراض کے نتائج کو کم کرنے کے لیے متعدد افریقی حکومتوں کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے حوالہ دیا کہ یوگنڈا نے کاروباری اداروں کو ٹیکس گوشوارے جمع کرنے کے لیے مزید وقت دیا ہے، نمیبیا ملازمت سے محروم افراد کو ہنگامی آمدنی مہیا کرررہا ہے، کیپ وردے فوڈ ایڈ فراہم کررہا ہے اور مصر نے صنعتوں پر ٹیکس وصول کرنا کم کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں