پاکستان کا فضائی آپریشن کی بندش میں 30 اپریل تک توسیع کا اعلان

اپ ڈیٹ 18 اپريل 2020
فلائٹ آپریشن 30اپریل تک بند رہے گا— فائل فوٹو: اے پی پی
فلائٹ آپریشن 30اپریل تک بند رہے گا— فائل فوٹو: اے پی پی

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی اور علاقائی فضائی آپریشن کی بندش میں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس میں 30 اپریل تک کی توسیع کردی ہے۔

سول ایوی ایشن نے فلائٹ آپریشن میں مزید توسیع سے متعلق باقاعدہ ناٹم بھی جاری کردیا۔

مزید پڑھیں: بیرونِ ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی بحال

سول ایوی ایشن نے بین الاقوامی اور علاقائی فضائی آپریشن کی بندش میں توسیع کردی ہے اور اب 30 اپریل کی رات 11بج کر 59 منٹ تک فلائٹس بند رہیں گی۔

البتہ یہ واضح کیا گیا ہے کہ خصوصی اجازت کی حامل ریلیف پروازوں اور کارگو طیاروں کو چلانے کی اجازت ہو گی اور اس حوالے سے ناٹم سے متعلق تمام ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن نے 25 مارچ کو کورونا وائرس کے پیش نظر اندرون اور بیرون ملک فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔

ویڈٰو دیکھیں: سول ایوی ایشن کا اندرون و بیرون ملک فلائٹ آپریشن بند کرنے کا فیصلہ

وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اس پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کردی گئی تھی اور اب مزید 30 اپریل تک پابندی بڑھا دی گئی۔

خصوصی ویب سائٹ قائم

دوسری جانب حکومت پاکستان نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ان کو لانے والی پروازوں کی معلومات فراہم کرنے کے لیے کورونا وائرس کی معلومات فراہم کرنے کے لیے پہلے سے قائم سرکاری ویب سائٹ پر تفصیلات جاری کردی ہیں۔

بیرون ملک سے پاکستانیوں کو لانے والی تمام اسپیشل فلائٹ کا شیڈول Covid.gov.pk پر جاری کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے مستقل اپ ڈیٹ جاری رہے گی۔

ویب سائٹ کے مطابق آج انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات سے دو فلائٹس پاکستان آئیں گی جبکہ مجموعی طور پر 67 پروازوں کے ذریعے بیرون ملک پھنسے پاکستانی شہریوں کو وطن واپس منتقل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سی اے اے نے بین الاقوامی پروازوں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا

اب تک 50 پروازوں کے ذریعے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جا چکا ہے اور ویب سائٹ پر بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لیے حکومتی گائیڈلائنز اور پالیسیاں بھی موجود ہیں۔

عوام کی سہولت کے لیے پروازوں کا شیڈول ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لیے فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے اور ان خصوصی پروازوں کے ذریعے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: حکومت نے فلائٹ آپریشن کی بندش میں 21 اپریل تک توسیع کردی

پی آئی اے، برطانیہ، چین، الجیریا، دبئی اور انڈونیشیا میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے 18 سے 20 اپریل کے دوران 23 خصوصی پروازیں چلائے گی۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے اور اب تک کم از کم وائرس سے کم از کم 144 افراد ہلاک اور ساڑھے 7 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں