واٹس ایپ نے ویڈیو کالز میں لوگوں کی تعداد 4 سے بڑھا کر 8 کردی ہے۔

اس مقصد کے لیے کال میں شامل تمام افراد کو واٹس ایپ اپ ڈیٹ ورژن کی ضرورت ہوگی۔

گروپ ویڈیو کال کے لیے کسی گروپ چیٹ میں جاکر کال کے آئیکون پر کلک کرنا ہوگا یا اضافی افراد کو مینوئلی ایک، ایک کرکے ایڈ کرنا ہوگا۔

واٹس ایپ کے مطابق ویڈیو یا آڈیو کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گی۔

یہ فیچر فی الحال آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے اور بہت جلد اینڈرائیڈ صارفین بھی اسے استعمال کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں گوگل ڈو میں اس حد کو 12 افراد تک بڑھایا گیا تھا جبکہ ہاؤس پارٹی میں 8، اسکائپ اور فیس بک میسنجر کی رومز سروس میں 50 جبکہ زوم میں 100 افراد کو ویڈٰو کال میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

نئے کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں ویڈیو کالنگ کی شرح میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے کیونکہ اربوں افراد گھروں تک محدود ہیں۔

فیس بک کی میسجنگ سروسز میں بھی ویڈیو کالنگ کرنے والے افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا اور یہی وجہ ہے کہ اس نئے فیچر کو متعارف کرایا گیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز واٹس ایپ نے بتایا تھا کہ اس کے اقدامات کے باعث غلط معلومات پر مبنی پیغامات کو فارورڈ کرنے میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

واٹس ایپ نے تین ہفتے قبل اپریل کے آغاز میں کورونا وائرس کی وبا سے متعلق غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فارورڈ پیغامات کی حد کو محدود کر دیا تھا۔

واٹس ایپ نے کسی بھی ایسے پیغامات کو فارورڈ کرنے پر پابندی لگادی تھی، جس پیغامات کو 5 بار فارورڈ کیا گیا ہو۔

واٹس ایپ نے اعلان کیا تھا کہ کوئی بھی ایسے میسیج کو جو 5 بار فارورڈ ہو چکا ہو، اسے زیادہ سے زیاد مزید ایک بار فارورڈ کیا جاسکے گا۔

واٹس ایپ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ نئی پابندی کے بعد واٹس ایپ پر فارورڈ ہونے والے پیغامات میں 70 فیصد کمی دیکھی ہوئی ہے۔

واٹس ایپ انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ میسیجنگ ایپلی کیشن پلیٹ فارم غلط معلومات کے پھیلاؤ کی حوصلہ شکنی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کو تیار ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں