’امریکا میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ 10 مئی سے شروع ہوگا‘

ایک اور پرواز نیو جرسی کے نیورک ایئرپورٹ سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی —فائل فوٹو: اے ایف پی
ایک اور پرواز نیو جرسی کے نیورک ایئرپورٹ سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی —فائل فوٹو: اے ایف پی

حکومت پاکستان نے امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے تعاون سے واشنگٹن سے اسلام آباد اور کراچی کے لیے خصوصی پروازوں کا اعلان کردیا۔

واشنگٹن میں موجود پاکستانی سفارتخانے کے جاری بیان کے مطابق ابتدائی طور پر 2 پروازیں واشنگٹن سے 10 مئی کو اسلام آباد اور 13 مئی کو کراچی کے لیے اڑان بھریں گی۔

اس کے علاوہ ایک اور پرواز نیو جرسی کے نیورک ایئرپورٹ سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی جس کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ 30 اپریل کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کو تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکا کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: تاریخ میں پہلی بار پی آئی اے کو امریکا کیلئے براہِ راست پروازوں کی اجازت

امریکی ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن سے جاری مراسلے کے مطابق اجازت کا اطلاق 29 اپریل 2020 سے 29 اپریل 2021 تک رہے گا اس دوران پی آئی اے ایک درجن 2 طرفہ یا یکطرفہ مسافر اور مال بردار پروازیں چلا سکتی ہے۔

یہ اعلان پاکستان کی جانب سے امریکا میں کورونا وائرس وبا کے باعث پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت مانگنے پر کیا گیا۔

سفارتخانے کے مطابق حکومت پاکستان، امریکا سے پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے مزید 3 پروازیں چلائے گی جن کی تاریخ, شہروں اور منزل کا اعلان وقت کے ساتھ کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں جن افراد نے واپسی کے لیے سفارتخانے اور قونصل خانوں میں اپنا اندراج کروا رکھا ہے انہیں خصوصی پرواز میں بھجوانے کے لیے رابطہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بیرونِ ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے ایئر لائنز کو اجازت دی جائے گی، زلفی بخاری

تاہم پرواز کی تفصیلات جاننے کے لیے پی آئی اے کے رابطہ سینٹر کے 92111786786+ اس نمبر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ پی آئی اے مسافر یا مال بردار پرواز سے قبل یا پرواز کے بعد 5 روز کے اندر تحریری طور پر امریکی ٹرانسپورٹیشن ڈپارٹمنٹ کو آگاہ کرنے کی پابند ہے۔

اگر پی آئی اے کو پاکستان سے باہر کسی جگہ سے پرواز چلانی ہوئی تو تحریری طور پر ٹرانسپورٹیشن ڈپارٹمنٹ کو 3 دن قبل روٹ کے حوالے سے آگاہ کرنا ہوگا۔

اسی طرح اگر ایئرلائن پاکستان کے باہر کسی ایئرپورٹ سے اڑان بھرے گی تو اسے ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ سے سیکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنی ہوگی، مزید یہ کہ جو طیارہ امریکا کے لیے اڑان بھرے اس کے پاس ٹرانسپورٹیشن ڈپارٹمنٹ کی مجازی دستاویز ہونا لازم ہے۔

آئندہ 2 ہفتوں میں قطر سے 5 پروازیں چلائی جائیں گی، زلفی بخاری

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سنمدر پار پاکستانی زلفی بخاری نے اعلان کیا ہے آئندہ 2 ہفتوں میں قطر سے پاکستان واپسی کی 5 خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا متحدہ عرب امارات میں ملازمتوں سے نکالے گئے 700 پاکستانی ورکرز کو مفت وطن واپس لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’40 ہزار پاکستانی تاحال مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں‘

قطر میں موجود پاکستانیوں سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ قطر میں 5 ہزار 500 پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں جن کی واپسی کے لیے آئندہ 2 ہفتوں میں 5 پروازیں چلائی جائیں گی اور نشستیں میرٹ پر دی جائیں گی۔

معاونِ خصوصی نے آگاہ کیا کہ مشرق وسطیٰ میں ملازمتوں سے نکالے گئے 700 پاکستانیوں کو مفت وطن لایا جائے گا اور ان کے اخراجات ان کی کمپنیاں برداشت کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ان بے روزگار افراد کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت روزگار دیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں